چینی قونصلیٹ کی سکیورٹی کے نام پر سروس روڈکی بندش اور پختہ تعمیرات کیخلاف دائر درخواست پر لوکل کمیشن مقرر ،تفصیلی جائزہ رپورٹ طلب

جمعرات 27 اگست 2015 18:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے چینی قونصلیٹ کی سکیورٹی کے نام پر سروس روڈکی بندش اور پختہ تعمیرات کے خلاف دائر درخواست پر لوکل کمیشن مقرر کرتے ہوئے 9ستمبر کو تفصیلی جائزہ رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کیمپس پل کے قریب چینی قونصلیٹ کی تعمیر جاری ہے اور وہاں سکیورٹی فراہم کرنے کے نام پر سروس روڈ کو پختہ بنکرزتعمیر کر کے بند کر دیا گیا ہیجس کے باعث اردگرد کے رہائشیوں کو اپنے ہی گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے ۔

درخواست گزار کی جانب سے مزید موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے تحت کسی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی کسی شاہرہ کو بند رکھا جا سکتا ہے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد لوکل کمیشن مقرر کرتے ہوئے 9 ستمبر کو تفصیلی جائزہ رپورٹ طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔