صدر ممنون حسین کا فاٹا کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

قبائلی عوام نے مردانہ وار مسائل کا مقابلہ کر کے وطنِ عزیز کے دیگر علاقوں کو بہت سے مسائل سے بچا لیا، آپ لوگوں کو اگر محسنینِ پاکستان کا خطاب دیا جائے تو اس میں کوئی مبالغہ نہ ہوگا، فاٹا کے عوام پاکستان کی معیشت، کاروبار، سیاست اور فوج سمیت زندگی کے ہر شعبے میں غیر معمولی خدمات سرانجام د ے رہے ہیں جس پر قوم کو اِن پر فخر ہے صدر مملکت ممنون حسین کا خیبر ایجنسی کے جرگہ سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 18:06

لنڈی کوتل ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے فاٹا کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا، انکا کہنا ہے کہ قبائلی عوام نے مردانہ وار مسائل کا مقابلہ کر کے وطنِ عزیز کے دیگر علاقوں کو بہت سے مسائل سے بچا لیا۔ آپ لوگوں کو اگر محسنینِ پاکستان کا خطاب دیا جائے تو اس میں کوئی مبالغہ نہ ہوگا۔جمعرات کو یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے لنڈی کوتل میں خیبر ایجنسی کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کہ فاٹا کے عوام پاکستان کی معیشت، کاروبار، سیاست اور فوج سمیت زندگی کے ہر شعبے میں غیر معمولی خدمات سرانجام د ے رہے ہیں جس پر قوم کو اِن پر فخر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے قبائلی علاقوں کے انفراسٹرکچر، اسکول ، کالج اور اسپتال تباہ ہو گئے ان مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن کی تکمیل کے بعد ضروری ہے کہ سول انتظامیہ علاقے کا کنٹرول سنبھالے۔

اس مقصد کے لیے لیویز میں نئی آسامیاں منظور کی جارہی ہیں اور انہیں ضروری سازوسامان بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بازار ذخہ خیل اور باڑہ کی ترقی کا منصوبہ سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ملاگوری ماربل انڈسٹریل زون کی بہتری کے لیے بھی کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ باڑہ کو تیراہ اور جمرود کوچھپری سے ملانے کے لیے سڑکوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

ان منصوبوں پرجلد ہی کام بھی شروع ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خیبر ایجنسی میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ نئی آسامیوں کے لیے فوری طور پر کارروائی مکمل کریں اور یقینی بنایا جائے کہ کوئی طالب علم داخلے سے محروم نہ رہے۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ قبائلی عمائدین اور اراکین پارلیمنٹ کی مشاورت سے فاٹا اصلاحاتی کمیشن بھی جلد اپنا کام مکمل کرلے گا تاکہ نظام کی خرابیوں کو دور کر کے فاٹا کو ملک کے باقی علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے قبائلی علاقوں میں نئی سڑکیں اور سپورٹس اسٹیڈیم قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا واحد راستہ یہی ہے کہ قبائل اور ان کے مشران حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اس مقصد کئے لیے قبائلی مشِران اور عوام نے مانیٹرنگ کے لیے سریشتے تشکیل دے دیئے ہیں۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ سریشتوں کو نہ صرف مضبوط بنایا جائے گا بلکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے انہیں اختیار رات بھی دیئے جائیں گے۔

صدر مملکت نے اس امر پر مسرت اور اطیمنان کا اظہار کیا کہ بے گھر افراد کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور صرف خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون کے بعد تقریباً66 ہزار سے زائد خاندان واپس اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ نئی زندگی شروع کرنے کے لیے حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے جرگہ کے لیے بیس لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختون خواہ مہتاب عباسی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بسنے والے اقلیتوں کو ڈومیسائل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور جرگہ میں بھی اقلیتی برادری کو نمائندگی دی جائے گی۔