ٹڈاپ کرپشن کیس؛یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے 12 نئے مقدمات کا چالان منظور کرلیا،10 ستمبر کو ملزمان ہرصورت پیش کئے جائیں،عدالت کا حکم،سماعت ملتوی

جمعرات 27 اگست 2015 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے تجارتی ترقی کے ادارے (ٹڈاپ )کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،10 ستمبر کو ہرصورت پیش کرنے کا حکم دیدیا،جمعرات کے روز وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کرپشن کیس کی سماعت ہوئی تو ایف آئی اے کی جانب سے علی اکرم زرداری نے ملزمان کیخلاف12 نئے مقدمات کے چالان پیش کئے ،تفتیشی افسر نے علی اکرم زرداری نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم، سیکرٹری محمد زبیر و دیگر کے خلاف ٹڈاپ کیس میں70 سے زائد مقدمات درج ہیں ،یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کے خلاف پہلے بھی12 مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے جا چکے ہیں تاہم دونوں ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے ضمانت کروا رکھی ہے،تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف مزید نئے 12 مقدمات کا چالان پیش کیا گیا ہے،ملزمان کو عدالت کی جانب سے پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے تاہم ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے لہذا ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں ،عدالت کے جج محمد عظیم نے ایف آئی کی جانب سے 12 نئے مقدمات کا چالان منظور کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم ،سیکرٹری محمد زبیر سمیت تمام ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو ہرصورت پیش کیا جائے،یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پیش نہیں ہوئے تھے جس کی بناء پر عدالت نے دونوں رہنماوٴں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے گرفتاری کے احکامات جاری کیے، یاد رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) میں کرپشن کے الزامات کے تحت ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ٹڈاپ کرپشن کیس میں ابتدائی 12 مقدمات کے چالان یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کے خلاف عدالت میں جمع کرائے تاہم دونوں ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت کروا رکھی ہے تاہم ایف آئی اے نے آج ٹڈاپ کیس مزید نئے 12 مقدمات کا چالان عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :