ہر مشکل کا مقابلہ کریں گے مگر اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، السیّد عقیل انجم قادری

جمعرات 27 اگست 2015 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ السید عقیل انجم قادری نے کہا ہے کہ سیرت مصطفیﷺ کا ہر پہلو مسلمانوں کیلئے روشن اور درخشندہ راہ عمل ہے ۔ یہ بات انہوں نے گلستان جوہر میں جمعیت علماء پاکستان گلشن اقبال ٹاؤن کے زیر اہتمام منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جسکی صدارت جے یوپی کراچی ڈویژن کے قائم مقام صدر مفتی رفیع الرحمان نورانی نے کی۔علامہ السید عقیل انجم قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ علماء اہلسنّت اور مشائخ عظام نے جس طرح قیام پاکستان کے لئیدن رات محنت اور جدوجہد کی اسی طرح ان کی اولادیں اپنے پیارے وطن کے استحکام اور سلامتی کے لئے دن رات ایک کردیں گے، ہر مشکل کا مقابلہ کریں گے مگر اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کو درپیش تمام چیلنجز اور مسائل کا حل سیرت مصطفی ﷺ کی پیروی میں ہے ۔ امت مسلمہ اﷲ اور کتاب اﷲ سے دوری کے باعث آج دنیا بھر میں ذلیل و رسوا ہورہی ہے ۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیکر انہیں نفرت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے حالانکہ اسلام تمام مذاہب میں سب سے پر امن مذہب ہے جس میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان اسلام کے احکامات پر عمل پیرا ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے سامنے سراُٹھانے کی جرأت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران اپنی رعایاکی نمائندگی کا بھر پور حق ادا کریں اور غیر مسلموں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں ۔اسلامیان پاکستان ہر گز ہر گز پاکستان میں امریکہ کی بالا دستی نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں سندھ بھر سے امیدوارکھڑے کریں گے، امام الشاہ احمدنورانی صدیقی ؒ کی فکر کے امین ہیں تمام رکاوٹوں ،مشکلوں اور مصائب کے باوجودملک میں مشن نورانیؒ کی تکمیل کا فریضہ انجام دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ کراچی اور اندرون سندھ بلدیاتی حدود میں کی گئی حالیہ تبدیلیاں فوری طورپر ختم کی جائیں، سیلاب زدگان کی بھرپورمدداور بحالی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔