کسی کو معصوم شہریوں اور بچوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،دہشتگردوں کا انکے خفیہ ٹھکانوں سمیت صفایا کیا جائے گا،بچوں کو مارنے والوں کی جس نے بھی مدد کی انھیں بے نقاب کریں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے متعلق پاک فوج کا کوئی ثانی نہیں، دہشت گرد جہاں بھی ہوں، ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شوال میں جوانوں اور افسران سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 17:00

راولپنڈی/ شوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کی آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو معصوم شہریوں اور بچوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،دہشتگردوں کا انکے خفیہ ٹھکانوں سمیت صفایا کیا جائے گا،بچوں کو مارنے والوں کی جس نے بھی مدد کی انھیں بے نقاب کریں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے متعلق پاک آرمی کا کوئی ثانی نہیں، دہشت گرد جہاں بھی ہوں ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ”آئی ایس پی آر“ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور شوال میں مصروف ترین دن گزارا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور بچوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاک فوج کا مورال انتہائی بلند ہے، دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے متعلق پاک آرمی کا کوئی ثانی نہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان علاقوں میں واپس آنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، خفیہ ٹھکانوں پر چھپے ہوئے دہشت گردوں کا بھی مکمل خاتمہ کیا جائے گا، بیشتر پہاڑیاں اور آبادیوں کو کلیئر کرا لیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں غیر معمولی کامیابیوں پر پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے،دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 12ہزار فٹ بلندی پرموجود جوانوں کے ساتھ وقت گزارا اور جوانوں کے حوصلے کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شوال آپریشن میں اب تک 203دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ شوال کی اہم پہاڑیوں پر بھی قبضہ کرلیا گیا ہے۔