جاپانی سفیر نے پنڈ بھگوال میں حکومت جاپان کی مالی مدد سے تعمیر ہونیوالے سکول کا افتتاح کردیا

جمعرات 27 اگست 2015 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) حکومتِ جاپان کی مالی امداد سے اِسلام آباد کے مضافاتی علاقے پنڈ بگوال میں تعمیر ہونے والے سکول ہاوس آف لائٹ کا افتتاح آج پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے کیا۔ اِس سکول کی تعمیر کے لیے حکومتِ جاپان نے ایجوکیشن سیکٹر میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ہورائزن انٹرنیشنل ٹرسٹ کو گراس روٹس ہیومن سیکورٹی پراجیکٹس پروگرام کے تحت107,080 امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی تھی ۔

نئے تعمیر ہونے والے سکول کو اِس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ پری سکول سے الیمنٹری لیول کے تقریبا ً 220بچے تعلیم حاصل کر سکیں۔ اِس منصوبے کی وساطت سے علاقے کے بچے بچیوں کو نہ صرف تعلیم حاصل کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ اِس سے علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے قوموں کی ترقی میں بنیادی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوے پاکستانی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت کو بھی اُجاگر کیا۔

اُنھوں نے اِس اُمید کا اظہار کیا کہ موجودہ منصوبے سے نہ صرف علاقے کے بچوں کی فلاح و بہبود ہو گی بلکہ جاپان اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔ GGPپروگرام حکومتِ جاپان کے اِس یقین کی نشاندہی کرتا ہے کہ آج کی دنیا کو درپیش چیلنجز کے پیشِ نظر ترقیاتی امداد کو صرف حکومتوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سول سوسائٹی کے زریعے نچلی سطح تک منتقل کیا جائے۔ 1989میں شروع ہونیوالے GGPپروگرام کے تحت حکومتِ جاپان اب تک پاکستان میں 340منصوبوں کیلئے 2.4بلین جاپانی ین فراہم کر چکی ہے۔