تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتیں ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیں ‘چودھری شجاعت حسین

جمعرات 27 اگست 2015 16:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے چوری شدہ مینڈیٹ برآمد کروا کے چوروں کو بے نقاب کر دیا ہے جس پر وہ عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں ضمنی الیکشن نہ لڑیں اور مکمل بائیکاٹ کر دیں۔

انہوں نے الیکشن ٹربیونلز کی جانب سے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ن لیگی ارکان کا انتخاب کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کرانے کے فیصلوں کے بارے میں کہا کہ تین سیٹوں سے سسٹم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اصل بات مینڈیٹ چوروں کو بے نقاب کرنے کی ہے اب عمران خان کو پوری توجہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو سزا دلوانے پر دینی چاہئے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی فیصلہ ہو جانا چاہئے کہ پاکستان کی سیاست میں ہارس ٹریڈنگ، مینڈیٹ چوری، مینڈیٹ پرچیزنگ اور کمیشن کا آغاز کس نے کیا۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عمران خان چوتھی وکٹ گرانے کی جو بات کرتے ہیں تو شاید وہ بھول گئے ہیں کہ کرکٹ کی پچ پر صرف تین وکٹیں ہوتی ہیں وہ تینوں وکٹیں کامیابی کے ساتھ گرا کر میچ جیت چکے ہیں چوتھی وکٹ کا میدان میں کوئی وجود ہی نہیں ہوتا۔