ملک کے اندر کسی کو اپنے لوگوں اور بچوں کو قتل کر نے کی اجازت نہیں دینگے ‘ آرمی چیف

جمعرات 27 اگست 2015 16:46

راولپنڈی /شوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ ملک کے اندر کسی کو اپنے لوگوں اور بچوں کو قتل کر نے کی اجازت نہیں دینگے ‘ کسی بھی مرحلے پر دہشتگردوں کی مدد کر نے والے تمام چہروں کو ہر قیمت بے نقاب کرینگے ‘ شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں دہشتگردوں کے خلاف جامع انداز میں کارروائی کرتے ہوئے انہیں ان کی پناہ گاہوں سمیت ختم کیا جائے اور ان کے اپنے ہمدردوں کے ساتھ ہر طرح کے رابطے منقطع کر دیئے جائیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو اپنا دن دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں شریک فوجیوں کے ساتھ شوال میں12 ہزار فٹ بلندی پر واقع پہاڑی کی چوٹی پر گزارا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند جذبہ کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے آپریشن کی رفتار اور حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہا اس موقع پر مقامی کمانڈر کی طرف سے آرمی چیف کو بتایا گیا کہ وادی کی پہاڑی چوٹیاں دہشتگردوں سے خالی کرالی گئی ہیں اور اہم مقامات پر پاک فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ وادی شوال کو دہشتگردوں سے مکمل پاک کر نے کیلئے آپریشن جاری ہے جبکہ کثیر جہتی آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا ہے اب تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں203 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ دہشتگردوں کے خلاف جامع انداز میں کارروائی کرتے ہوئے انہیں ان کی پناہ گاہوں سمیت ختم کیا جائے اور دہشتگردوں کے اپنے ہمدردوں کے ساتھ ہر طرح کے رابطے منقطع کر دیئے جائیں ۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہم ملک کے اندر کسی کو اپنے لوگوں اور بچوں کو قتل کر نے کی اجازت نہیں دینگے اور ایسے تمام چہروں کوہر قیمت پر بے نقاب کر کے رہیں گے جنہوں نے کسی بھی مرحلے پر دہشتگردوں کی مدد کی ۔

پاک فوج کے سربراہ نے اس موقع پر پاکستانی فوج کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جس طرح کی کامیابیاں اور کامرانیاں پاک نے حاصل کی ہیں اس کا کوئی ہم پلہ نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے آپریشن کے دور ان حاصل کی جانیوالی غیر معمولی کامیابیوں پر بھی پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :