ہائیکورٹ نے کاسمو پولیٹن کلب کے انتخابات روکنے کیلئے دائر درخواست پر سیکرٹری جوائنٹ سٹاک کمپنیز سے جواب طلب کر لیا

جمعرات 27 اگست 2015 16:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ نے کاسمو پولیٹن کلب کے انتخابات روکنے کے لئے دائر درخواست پر سیکرٹری جوائنٹ سٹاک کمپنیز سے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جناح باغ لاہور میں موجود کاسمو پولیٹن کلب تاریخی حیثیت کا حامل ادارہ ہے جس سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات منسلک ہیں۔

(جاری ہے)

کلب قوانین کے تحت بی اے کی ڈگری کے حامل امیدوار ہی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔جبکہ 20ستمبر کو ہونیوالے موجودہ انتخابی شیڈول کے مطابق کسی امیدوار کے لئے گریجوایشن کی شرط نہیں رکھی گئی جوکہ قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ تعلیمی قابلیت نہ رکھنے والے امیدواروں کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی اور قوانین پر عملدر آمد نہ کرنے تک انتخابی عمل روکنے کا حکم دیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد سیکرٹری جوائنٹ سٹاک کمپنیز کو9ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔