رینجرز اور پولیس کا کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ، 10 افراد گرفتار

جمعرات 27 اگست 2015 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا جبکہ گذری میں 20 افراد کو گرفتار کیا گیا، تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے لیاری ، لی مارکیٹ ، بلدیہ ٹاوٴن سعید آباد ،آٹھ کی مارکیٹ اورنگی ٹاوٴن نمبر 10،11 ،12 ،شیر شاہ کباڑی مارکیٹ ، لائنز ایریا، جٹ لائن جیکب لائن ،لانڈھی، کورنگی نمبر 4 ، عزیز آباد مکاچوک،لیاقت آباد نمبر9 منگھو پیر سہراب گوٹھ ، پاک کالونی ، پرانا گولی مار، گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا اور کسی بھی شخص کو علاقے کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی ، قانون نافذ کرنے ولے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، رینجرز ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جو کہ متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے ، علاوہ ازیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گذری ،میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا اور کسی بھی شخصں کو علاقے میں اندر یا باہر آنے کی اجازت نہیں تھی ، پولیس نے آپریشن کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کر دیا ، پولیس کے ذرائع کے مطابق زیرحراست افراد کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیاں بر آمد کر لی ہیں ، پولیس نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کی گئی ہے اور زیر حراست افراد میں جرائم پیشہ افراد بھی شامل ہیں جو کہ کسی سیاسی جماعت کے کارکنان ہیں ، زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ، پولیس ملزمان مزید تفتیش کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :