سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کمشنر کراچی کوشیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکرز کی منتقلی کا کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے

جمعرات 27 اگست 2015 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کمشنر کراچی کوشیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکرز کی منتقلی کا کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔عدالت نے کمشنرکوتمام معاملات طے کرکے آئندہ پیرکو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکرز کی منتقلی کے معاملے کی سماعت کی گئی۔

عدالت نے کمشنر کراچی کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آئل ٹینکرز کی منتقلی کے احکامات جاری کیے۔عدالت نے کہا کہ کمشنر کراچی پر اعتماد ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز بھی اعتماد کرتے ہیں،لہٰذا کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ذوالفقار آباد ٹرمینل میں تمام ضروریات پوری کرائیں اور اس سلسلے میں حکومت سندھ مکمل مدد فراہم کرے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت آئل کمپنیوں کے وکیل ضیا اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ شیریں جناح کی سڑکوں سے آئل ٹینکرز ہٹا کر اطراف کی گلیوں میں پارک کر دیے گئے ہیں کیونکہ آئل کمپنیوں خصوصاً ایڈیبل آئل کمپنیوں نے دوسرے فیز کیلیے فنڈز جمع نہیں کرائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ شیریں جناح کالونی سے جو ٹینکرز ہٹائے گئے ہیں وہ دوبارہ نہیں آنے چاہئیں۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام اداروں اور کمپنیوں کو آن بورڈ لے کر عدالتی حکم کی تعمیل کرائیں اور جو کمپنیاں ادائیگی نہیں کر رہی ہیں انکوطلب کر لیں۔عدالت نے کمشنر کراچی کو تمام معاملات طے کرکے آئندہ پیر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاہے۔