بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کا دورہ کرنے ،سفارشات پیش کرنے کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

جمعرات 27 اگست 2015 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کا دورہ کرنے اور وہاں پارٹی کے مختلف سطح پر مشاورت کرنے کے بعد سفارشات پیش کرنے کے لئے ایک دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ فیصلہ گلگت بلتستان کے پارٹی لیڈروں کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور جعفر شاہ شریک تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن پر مشتمل دو رکنی کمیٹی آئندہ ہفتے اس مقصد کے لئے گلگت بلتستان کا دورہ کرے گی۔ اس اجلاس میں فریال تالپور، سید خورشید احمد شاہ، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، سینیٹر شیری رحمن، ندیم افضل چن، شہلا رضا اور چیئرمین پی پی پی کے میڈیا ایڈوائزر جمیل سومرو نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور وہاں پارٹی کی مقبولیت بحال کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس دو گھنٹے جاری رہا جس میں پارٹی کی تنظیم نو پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے اور جو اوپر چڑھتا ہے وہ پھسلتا بھی ہے۔ یہ بات ضروری ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ بلندی پر چڑھتے ہوئے پھسلنے کے بعد کوئی کیا کرتا ہے۔ آئیے ہم دنیا کو دکھائیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سب سے بڑی قوت بن کر دوبارہ ابھرے گی۔