رواں سال زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کریں گے، پوری کوشش ہے کہ دسمبر2017 تک 10ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو گی، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے، 2050ء میں دنیا کی 18ویں بڑی معیشت پاکستان ہو گی، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کاتقریب سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں سال زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کریں گے، پوری کوشش ہے کہ دسمبر2017ء تک 10ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو گی، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے، اقتصادی ماہر اونیل کے مطابق 2050ء میں دنیا کی 18ویں بڑی معیشت پاکستان ہو گی۔

وہ جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج کے انضمام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج اب پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کیپیٹل مارکیٹ میں اپنا مقام پیدا کرے گا،پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے،سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو جلد پاکستان ترقی کے اہداف حاصل کرلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ہو گا، میڈیم ٹرم فریم ورک کے تحت شرح نمو کو 6سے 7تک لے کر جانا ہے، غریب افراد کیلئے سماجی تحفظ کا پروگرام 40ارب سے بڑھا کر 102ارب تک لے گئے ہیں،2سال میں ترقیاتی بجٹ دوگنا کر کے 700ارب تک لے گئے ہیں،ترقیاتی بجٹ میں اضافے سے معاشی سر گرمیوں کو فروغ اور شرح نمو میں اضافہ ہو گا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ دسمبر 2017ء تک 10ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کریں۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے اس میں بے شمار کامیابیاں مل رہی ہیں،انشاء اللہ ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

اقتصادی ماہر اونیل کے مطابق 2050ء میں دنیا کی 18ویں بڑی معیشت پاکستان ہو گی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ کچھ بیمار ذہنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، ہمارا مقصد خلوص نیت کے ساتھ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے،کسی بھی عہدے پر اہل افراد کا تقرر ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ایس ای سی پی کے چیئرمین کا انتخاب آسان کام نہیں تھا،جس کو ہم نے پوری دیانتداری سے انجام دیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے معتبر معاشی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہیں، حکومت کو سنبھالنے کے بعد ہمارا پہلا ہدف پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا اور معیشت میں استحکام لانا ہمارا دوسرا ہدف تھا، سخت محنت اور جامع پالیسیوں کے باعث آج معیشت مستحکم ہے اور انشاء اللہ رواں سال زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کریں گے۔