پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کا تناسب برطانیہ کے سکولو ں کی سطح تک پہنچ چکا ہے

حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کو ترقی کا ذریعہ سمجھتی ہے، سکول و ہائر ایجوکیشن کیلئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے 2018 تک ہر بچہ سکول میں داخل ہو گا۔معیاری تعلیم کے ذریعے غربت ،بیروزگاری اور انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن ہے : مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعرات 27 اگست 2015 15:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ حکومت نے تعلیم کے شعبہ کو ترقی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈزدئیے ہیں اور مرحلہ وار تعلیم کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے بھی گرانٹ فراہم کی گئی ہے تاکہ عوام کو تعلیم کی جدید سہولتیں مہیا کرکے پرامن اور صحت مندمعاشرے کو فروغ دیا جاسکے جبکہ معیار ی تعلیم کے مواقع ہر مکتبہ فکر کے طلباء کو فراہم کرکے دہشت گردی جیسی لعنت اورغربت وبیروزگاری سے چھٹکاراپایاجاسکتا ہے ،حکومت نے صوبائی بجٹ کا 27 فیصد 310 ارب20 کروڑ روپے کا بجٹ محکمہ تعلیم کو فراہم کیا ہے۔

نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت 2018 تک صوبے کے ہر بچے کا سکول میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا اور محکمہ تعلیم میں اصلاحاتی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مطوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری 92 فیصدجبکہ جاری سہولیات اور سکولوں کی انسپکشن 96 فیصد ماہانہ یقینی بنائی گئی ہے جبکہ اس سے قبل سکولوں میں طلباء و اساتذہ کی حاضری 60 فیصد اور موجود سہولیات اور انسپکشن کی شرح 62 فیصد کے قریب تھی -انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 990 ہائی سکول میں کمپیوٹر لیب کی تنصیب،7500 سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی،4727 سکولوں کی بلڈنگ کی دوبارہ تعمیر،سکولوں میں 24500 اضافی کمروں کی تعمیر اور 500 نئے سکول کھولے جائیں گے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرطلباؤطالبات کو گارڈ آف آنرز کے ساتھ مری میں مدعو کرنے سمیت بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں بھجوایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربر نے حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور ڈیفڈ کے اشتراک سے جاری اصلاحاتی پروگرام کے باعث پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کا تناسب برطانیہ کے سکولو ں کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کو ترقی کا ذریعہ سمجھتی ہے اور سکول و ہائر ایجوکیشن کیلئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ یونیورسٹیوں میں فائن آرٹ و دیگر غیرنصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی تعلیمی اداروں کو تعاون اور گرانٹ فراہم کی جاتی ہے ۔