مقامی مدرسہ کے نائب مہتمم مولانا مفتی امان اللہ کے قتل کیس کے چار ملزمان کی ضمانت منسوخ

جمعرات 27 اگست 2015 13:58

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقامی مدرسہ کے نائب مہتمم مولانا مفتی امان اللہ کے قتل کیس کے چار ملزمان کی ضمانت منسوخ کر دی ہے جس پر تین ملزمان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک اور ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق جامعہ تعلیم القرآن راجہ بازار راولپنڈی کے نائب مہتمم مولانا مفتی امان اللہ کو کچھ عرصہ قبل موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے راستے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

اس کیس میں ایک مذہبی تنظیم کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی کو بھی نامزد کیا گیا تھا اور انہوں نے بھی ضمانت کرارکھی ہے عدالت نے ان کی بھی ضمانت منسوخ کر دی تاہم وہ عدم پیشی کی وجہ سے گرفتار نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

عدالت سے جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں طیب شکیل، قلب عباس اور افضال حیدر شامل ہیں۔ان ملزمان کو انسداد دہشت گردی محکمہ کے اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لے لیا اور ان سے مزید تفتیش کئے جانے کاامکان ہے۔دوسال قبل عاشورہ محرم کے موقع پر شرپسندوں نے اس جامعہ تعلیم القرآن پر حملہ کر دیا تھا جس میں کئی طلبہ جاں بحق و زخمی ہوگئے تھے یہ کیس بھی عدالت میں زیرالتواء ہے جبکہ اس کیس کے اہم مدعی مولانا مفتی امان اللہ کو بھی کچھ عرصہ قبل قتل کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :