باجوڑ ایجنسی میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں حکومت کے حمایتی امن لشکر کے سربراہ رحیم گل جاں بحق

دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

جمعرات 27 اگست 2015 13:56

باجوڑ ایجنسی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) باجوڑ ایجنسی میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں حکومت کے حمایتی امن لشکر کے سربراہ رحیم گل جاں بحق ہوگئے۔ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل نواگئی کے علاقے برچمرکنڈ میں سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں قبائلی رہ نما ملک رحیم گل موقع پر جاں بحق ہوگئے.۔

(جاری ہے)

دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق دھماکہ ایجنسی ہیڈ کوارٹر خار سے 45 کلومیٹر دور بر چمر کند صبح سویرے اس وقت ہوا جب ملک رحیم گل وہاں سے پیدل گزر رہے تھے۔ اس دھماکے میں رحیم گل موقع پر جاں بحق گئے ہیں۔ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے اپنی تنظیم کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔تنظیم کے ترجمان محمد خراسانی نے میڈیاکو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی ان کے کمانڈوز نے کی ہے اور اس میں حکومت کے حمایتی امن لشکر کے سربراہ رحیم گل کو نشانہ بنایا گیا۔