سی ڈی اے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے کل حتمی اجلاس ہوگا

جمعرات 27 اگست 2015 13:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے کل جمعة المبارک کو حتمی اجلاس ہوگا ۔ تصدیق کیلئے ڈگریاں جمع نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق تقریباً دو ہزار سے زائد ملازمین میں سے صرف 484 ملازمین نے اپنی ڈگریاں تصدیق کیلئے جمع کرائی تھیں باقی ملازمین نے یونین کے عہدیداروں اور سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے معاملے کو دبانے کی بھرپور کوشش کی لیکن گزشتہ روز چیئرمین سی ڈی اے کو نیب کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یکم ستمبر تک سی ڈی اے نیب کو ایسے تمام ملازمین کا ریکارڈ فراہم کرے جن کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور جن ملازمین اور افسران کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ان کا ریکارڈ بھی فراہم کیاجائے ۔

(جاری ہے)

مزید برآں نیب نے سی ڈی اے حکام سے کہا ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو روکنے کیلئے جن شخصیات نے ملازمین کیلئے سفارش کی ہے ان کی معلومات بھی فراہم کی جائیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سی ڈی اے سے ان افسران کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے جنہیں ڈگریوں کی تصدیق کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن وہ بھی لیت و لعل سے کام لیتے رہے ۔ ان افسران کیخلاف کیا کارروائی کی گئی ۔

سی ڈی اے ذرائع نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج جمعہ کو اس سلسلے میں حتمی اجلاس ہوگا اور اب تک 484 افسران نے ڈگریاں تصدیق کیلئے جمع کرائی ہیں اور آج جمعہ کو مقررہ وقت تک جو ملازمین اور افسران ڈگریاں تصدیق کیلئے جمع نہیں کرا پائینگے ان کی تنخواہیں فوری طور پر روک لی جائینگی ۔ دوسری جانب نیب ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو بہت باریکی سے دیکھا جارہا ہے اور سی ڈی اے حکام کو واضح کردیا گیا ہے کہ ہر طرح کے سیاسی و غیر سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے کیونکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سی ڈی اے میں ملازمین کی بڑی تعداد جعلی اسناد پر کام کررہی ہے واضح رہے کہ ابتدائی طور پر سی ڈی اے نے چھ ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس تصدیق کیلئے بھجوائے تھے جن میں سے پانچ جعلی نکل آئے البتہ تاحال ان ڈرائیوروں کو نہ نوکری سے نکالا گیا اور نہ ہی ان کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کروایا گیا البتہ یہ جعلساز سیاسی شخصیات کی چھتری تلے پناہ لینے میں کامیاب ہوگئے ۔

متعلقہ عنوان :