این اے98:جسٹس کاظم ملک نے45 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

جمعرات 27 اگست 2015 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)الیکشن ٹریبونل لاہورنے این اے98 کا45 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر وڑائچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنمامیاں طارق محمود کی کامیابی اور اس کی ڈگری کو چیلنج کیا تھا،الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کاظم ملک نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں مختصر فیصلہ سنایا تھا۔جمعرات کے روز الیکشن ٹریبونل کے جسٹس کاظم ملک کی جانب سے این اے98 کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے جو45 صفحات پر مشتمل ہے،فیصلے میں الیکشن ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر وڑائچ کی جانب سے لگائے گئے تینوں الزامات کو مسترد کر دیا گیا ہے ،فیصلے میں کہاگیا ہے کہ میاں طارق محمود پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں، این اے98 میں کسی قسم کی کوئی بے ضابطگیاں نہیں پائی گئی ہیں اور نہ ہی طارق محمود کی ڈگری جعلی ہے صرف الزامات کی بنیاد پر کسی امید وار کو نا اہل قرار نہیں دیا جا سکتا ، حلقہ میں الیکشن صاف و شفاف تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے میاں طارق محمود نے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر عام انتخابات2013 میں حصہ لیا جنہیں ایک لاکھ 19 ہزار 224 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف امید وار پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر وڑائچ کو صرف36 ہزار 767 ووٹ ملے ،جس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا اور ساتھ ہی ان کی ڈگری کو بھی چیلنج کر دیا تاہم الیکشن ٹریبونل نے یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں دیا۔