لاہور ہائیکورٹ نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر خالد محمود کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 27 اگست 2015 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان نے موقف اختیار کیا کہ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر خالد محمود کو سنیارٹی لسٹ میں بیسویں نمبر پر ہونے کے باوجود سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس تعینات کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرٹ کے برعکس ہونے والی تعیناتی سے میرٹ پر پورا اترنے والے اہل امیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹر خالد کو انتظامی امور کا تجربہ نہ ہونے کے باعث پی جی ایم آئی کے انتظامی معاملات درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ میرٹ کے برعکس تعینات ہونے والے پرنسپل خالد محمود کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے کر اہل امیدوار کو اس عہدے پر تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر خالد محمود کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔