سن 65ء کی جنگ: پاکستان نے2دن میں 35بھارتی طیارے تباہ کئے، بھارتی مصنف

پیر 24 اگست 2015 12:45

سن 65ء کی جنگ: پاکستان نے2دن میں 35بھارتی طیارے تباہ کئے، بھارتی مصنف

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اگست2015ء) بھارتی فوج میں اعلیٰ ترین عہدے سے ریٹائرڈ ہونے والے ائیرمارشل بھارت کمار نے پچاس سال میں پہلی مرتبہ تسلیم کیا ہے کہ 1965ء کی جنگ میں پاکستان کے مقابلے میں بھارت کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑا تھا یہاں تک کہ پاکستان نے صرف دو دن میں بھارت کے35طیارے تباہ کردیئے تھے ۔ائیرمارشل بھارت کمار نے یہ اعتراف اپنی کتاب” دی ڈیولزآف دی ہیمالین ایگل،دی فرسٹ انڈو پاک وار“ میں کیا ہے جو یکم ستمبر کو منظر عام پر آئے گی۔

یہ کتاب ایسے موقع پر شائع ہورہی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی پہلی جنگ کو 50سال مکمل ہونے جارہے ہیں۔ بھارت کے موقر اخبا ر”ٹائمز آف انڈیا“نے اس کتاب کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع کے ریکارڈ میں تسلیم کیا گیا کہ1965کی جنگ میں بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تاہم یہ جنگ ہار جیت کے بغیر ختم ہوئی۔

(جاری ہے)

جنگ کے دوران بھارت کے 460 طیاروں میں سے 59اور پاکستان کے186 میں سے 43طیارے تباہ ہوئے۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ 1965کی جنگ بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلی فضائی جنگ تھی۔بھارتی فضائیہ کو پاک فضائیہ پر عددی لحاظ سے برتری حاصل تھی لیکن پاکستانی طیارے ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بھارت کے مقابلے میں زیادہ جدید تھے۔ جنگ کے وقت بھارتی فضائیہ کے پاس28لڑاکا اسکوڈرن جبکہ پاکستان کے پاس صرف11اسکواڈرن تھے۔

پاک فضائیہ نے آناً فاناً دو دن میں بھارت کے 35طیارے تباہ کردیئے جن میں 6ستمبرکو پٹھان کوٹ اور سات ستمبر کلائکندا میں بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارت نے اس جنگ کے دوران اپنے28اسکواڈرن میں سے 13اسکواڈرن چینی خطرے کے پیش نظر مشرقی اور وسطی سیکٹر پر تعینات کیے۔کتاب کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارتی فضائیہ کا بہت زیادہ نقصان ہو ا جسے پاکستان کی فتح سمجھا گیا۔

بھارتی اخبار نے اس سے پہلے کی ایک رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ مودی حکومت کی طرف سے 1965کی جنگ کو ایک عظیم فتح کے طور پر منانے کے فیصلے پر بھارت میں تنقید کی جارہی ہے اورکئی حلقوں میں سوال پیدا ہو رہے ہیں کہ 1965کی جنگ تو ہار جیت کے بغیر ختم ہو ئی تھی تو پھر یہ فتح کا جشن کیوں منایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کی سرکاری جنگی تاریخ بتاتی ہے کہ 1965 کی جنگ کا خاتمہ بغیر ہار جیت کے ہوا۔

یہ جنگ 22 دن تک جاری رہی اور22ستمبر کو جنگ بندی ہو گئی۔ وزارت دفاع نے نتیجہ اخذ کیا تھا کہ مجموعی طور پرفضائی جنگ میں کسی نے بھی فیصلہ کن کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔ واضح پلان کے بغیردونوں اطراف نے آپریشن کیا۔بھارت نے 1965 کی جنگ کے زخم کا بدلہ لینے کیلئے 1971میں پاکستان کو بھاری نقصان پہنچایا۔ بھارت 1965کی جنگ کی گولڈن جوبلی منا رہا ہے جس کی تقریبات 28 اگست سے22 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

چند دن قبل جنگ کی گولڈ ن جوبلی کے موقع پر بھارتی فوج کی جانب سے دئیے گئے اشتہار میں تسلیم کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے میدان جنگ میں پاکستانی فوج کے خلاف بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ صفحہ اول کے ہندی اخبارات میں چھپنے والے ان اشتہارات میں بھارتی فوج نے اپنی فوج کی بزدلی کو خود تسلیم کیا ہے۔بھارتی فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ کے ایڈیشنل دائریکٹر کا کہنا ہے کہ مذکورہ اشتہار غلطی سے شائع ہوا ہے تاہم حقیقت میں بھارتی افواج نے میدان جنگ سے فرار اور اپنی شکست کی حقیقی کہانی خود ہی بیان کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :