پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کی جانب سے فصلوں کی مناسب امدادی قیمت مقرر نہ کرنے کے خلاف جاری جدوجہد کی حمایت کردی

اتوار 23 اگست 2015 00:29

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے کاشتکاروں اور ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اگست۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کی جانب سے فصلوں کی مناسب امدادی قیمت مقرر نہ کرنے کے خلاف جاری جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ ان کے مطالبات بلاتاخیرتسلیم کیے جائیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا انہوں نے جمہوریت کے لیے جدوجہد میں اپنی زندگی وقف کرنے والے نوابزادہ نصراللہ خان کے بیٹے نوابزادہ افتخار احمد خان سے ہفتہ کوملاقات کے دوران گفتگو میں کررہے تھے،نوابزادہ افتخار احمد خان نے آج بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، نوابزادہ افتخار احمد خان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کی مجوعی صورتحال کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نوازلیگ حکومت پنجاب میں جان بوجھ کر کاشتکاروں اور کسانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے پر کاشتکاراور کسان صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی گذشتہ مرکزی حکومت کے دوران دیہی معیشت عروج پر تھی کیونکہ اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی حکومت نے دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں اور کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت ادا کی گئی تھی،نوابزادہ افتخار احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب کے کاشتکار اور کسان اپنی جدوجہد کی حمایت کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت نے ہمیشہ مزدور اور کسان طبقات کے خلاف ہونے والی ناانصافیوں اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی ان کے جائز مطالبات اور حقوق کے لیے ان کی ہر جدوجہد میں ان کے ساتھ رہے گی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے لیے جاری دہرنوں اور احتجاج کی حمایت کرتی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر زور دیا کہ پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مطالبات بلاتاخیر تسلیم کیے جائیں۔