وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مولانافضل الرحمن او ر اپوزیشن لیڈر سیدخورشیدشاہ کی ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارسے فون پر گفتگو، استعفے کے معاملے پر مذاکرات نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست،ڈاکٹرفاروق ستار کا وزیراعظم کی جانب سے اختیارکئے جانے والے رویہ پرایم کیوایم کے شدیدتحفظات کااظہار، حکومت ایم کیوایم کی جائز شکایات کودورکرے گی اوران کاازالہ کرے گی،اسحاق ڈاراور مولانافضل الرحمن کی یقین دہانی، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی ڈاکٹرفاروق ستارسے دومرتبہ فون پر گفتگوکی، جمہوری نظام کیلئے مذاکرات کے عمل کے ذریعے شکایات کوسامنے رکھنا چاہیے،خورشیدشاہ،سیدخورشیدشاہ نے اس دوران وزیرا عظم نوازشریف سے بھی رابطہ کیا

اتوار 23 اگست 2015 00:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اگست۔2015ء) وفاقی وزیرخزانہ اورمسلم لیگ ن کے سینئررہنمااسحاق ڈار،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سیدخورشیدشاہ نے ایم کیوایم کے رہنمااورقومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹرفاروق ستارسے فون پر رابطے کئے اوران سے استعفے کے معاملے پر مذاکرات نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ۔

آج دوپہروفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈاراورمولانافضل الرحمن نے ڈاکٹرفاروق ستارسے علیحدہ علیحدہ رابطے کئے ۔ڈاکٹرفاروق ستار نے گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے اختیارکئے جانے والے رویہ پرایم کیوایم کے شدیدتحفظات کااظہارکیا۔جس پر اسحاق ڈار اورمولانا فضل الرحمن نے ڈاکٹر فاروق ستارکویقین دلایاکہ حکومت ایم کیوایم کی جائز شکایات کودورکرے گی اوران کاازالہ کرے گی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی ڈاکٹرفاروق ستارسے دومرتبہ فون پر گفتگوکی اوران سے استعفے کے معاملے پر مذاکرات کاسلسلہ بحال کرنے کی درخواست کی ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے خورشیدشاہ سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے رویہ پرتحفظات کااظہارکیا۔انہوں نے مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کے رویہ پر بھی اپنے شدیدتحفظات کااظہارکیا۔خورشیدشاہ نے ایم کیوایم کے موٴقف کودرست قرادیتے ہوئے کہاکہ جمہوری نظام کے لئے مذاکرات کے عمل کے ذریعے شکایات کوسامنے رکھنا چاہیے۔خورشیدشاہ نے اس دوران وزیرا عظم نوازشریف سے بھی رابطہ کیا ۔