اسلام آباد: سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ، سپریم کورٹ نے تمام درخواستیں نمٹا دیں۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 اگست 2015 16:18

اسلام آباد: سندھ اور  پنجاب  میں بلدیاتی انتخابات ، سپریم کورٹ نے تمام ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 18 اگست 2015 ء) : سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی دونوں درخواستیں نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کام تاریخیں مانگنا نہیں بلکہ صوبوں کوحکم دینا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ خود طے کرے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواستوں کی سماعت کی۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن نے انتخابات میں تاخیر سے متعلق 2 درخواستیں پیش کیں جس پر سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کرناالیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے لیکن ایک آئینی ادارہ کہہ رہا ہے کہ میں اپنی ذمے داری ادا نہیں کرپا رہا اور دوسرے ادارے کو کہا جا رہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی کی اجازت دی جائے، اگرالیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتا تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آئین کے تحت ذمے داری ادا کرنے کوتیارہیں لیکن عدالت واضح کرے کہ سندھ اورپنجاب میں گزشتہ 6 سال سے بلدیاتی ادارے موجود ہی نہیں جس پر جسٹس دوست محمد خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات 90 دن کے اندرکروانا ضروری ہے، سندھ اورپنجاب میں حکومتوں نے بغیر بلدیاتی انتخابات کرواکراپنی مدت پوری کی اور اب بھی حکومتیں آدھا عرصہ گزار چکی ہیں تاہم الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے، الیکشن کمیشن کا کام تاریخیں مانگنا نہیں بلکہ صوبوں کو تاریخوں پر الیکشن کرانے کا حکم دینا ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کی دونوں درخواستیں نمٹاتے ہوئے حکم دیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں سے متعلق الیکشن کمیشن خود فیصلہ کرے۔