ٹیوٹا رواں مالی سال کے دوران مشرق وسطی کو24ہزار ماہر افرادی قوت برآمد کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ

ماہر افرادی قوت مختلف شعبہ جات بشمول میسن، سٹیل فیکسز، شٹرنگ کارپنٹر، ہاسپٹیلیٹی، ڈرائیورز، الیکٹریشنز، ویلڈرز، پلمبر، ڈرافٹسمین مکینیکل، مشینسٹ، آٹو میکنیک،جنرل فٹر، ٹرنر اور دیگر میں باہر بھیجی جائے گی‘ چیئرپرسن ٹیوٹا

بدھ 19 اگست 2015 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) رواں مالی سال کے دوران مشرق وسطی کو24ہزار ماہر افرادی قوت برآمد کرے گی، ماہر افرادی قوت مختلف شعبہ جات بشمول میسن، سٹیل فیکسز، شٹرنگ کارپنٹر، ہاسپٹیلیٹی، ڈرائیورز، الیکٹریشنز، ویلڈرز، پلمبر، ڈرافٹسمین مکینیکل، مشینسٹ، آٹو میکنیک،جنرل فٹر، ٹرنر اور دیگر میں باہر بھیجی جائے گی، نوجوان ہنر مندوں کو پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی،ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، حامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، عامر حسن ، سرفراز انور اوردیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ یہ اقدام بیرون ممالک معیاری افرادی قوت کو بھیجنے کیلئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

ٹیوٹا یو اے ای کی مشہور کمپنیوں غنطوط، سکالا، ایس ایس لوتھا اور دیگر سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ ٹیوٹا کی ہنر مند افرادی قوت کو باہر بھیجا جا سکے۔ان کمپنیوں نے ٹیوٹا کے ہنر مندوں کو روزگار کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ ٹیوٹا فارن پلیسمنٹ سیل فارغ التحصیل نوجوانوں کے انکے کوائف اکٹھے کررہا ہے۔ بیرون ملک روزگارحاصل کرنے والے ٹیوٹا کے فارغ التحصیل نوجوا ن اپنے کوائف ٹیوٹا کے فارن پلیسمنٹ سیل کو بھجوا دیں۔ ٹیوٹا انہیں باہر بھجوانے کیلئے بھرپور معاونت کرے گی۔