ایم کیو ایم قومی اسمبلی سے مستعفی، اسپیکر قومی اسمبلی نے تصدیق کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 اگست 2015 15:48

ایم کیو ایم قومی اسمبلی سے مستعفی، اسپیکر قومی اسمبلی نے تصدیق کردی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست2015ء) ایم کیو ایم کے ایم این ایز نے قومی اسمبلی جبکہ ایم پی ایز نے سندھ اسمبلی میں استعفے جمع کرا دیئے ، فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ کو سیاسی ، جمہوری حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کے چوبیس ایم این ایز نے قومی اسمبلی میں اپنے استعفے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں جمع کرا دیئے ، متحدہ نے بیرون ملک مقیم ایم این ایز کے استعفے بھی منگوا کر سپیکر کے سپرد کر دیئے۔

سب سے پہلا استعفیٰ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے جمع کروایا ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے متحدہ کے ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے متحدہ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کو سیاسی اور جمہوری حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے معاملہ اٹھایا لیکن ہمارے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک چھڑکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ متحدہ کو کہیں سے انصاف نہیں مل رہا اگر رینجرز ن لیگ ، پی پی کارکنان کو گرفتار کرتی تو کیا پھر بھی ریاست کا یہی رویہ ہوتا؟ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رہا ہونے والا ایک کارکن بھی ایسا نہیں جس پر تشدد نہ کیا گیا ہو ، کراچی میں تحریک انصاف کی مدد کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف متحدہ کے 51 ارکان سندھ اسمبلی نے بھی استعفے سپیکر آغا سراج درانی کے پاس جمع کرا دیئے ، آج سندھ اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ کے کسی رکن نے شرکت نہیں کی۔

ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی قیادت میں سپیکر آغا سراج درانی کے چیمبر میں پہنچے اور استعفے جمع کرائے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چالیس ارکان نے خود استعفے جمع کرائے جبکہ گیارہ بیرون ممالک ہیں جن سے استعفے منگوا کر سپیکر کو پیش کیے گئے جو ارکان بیرون ملک ہیں ان میں ارتضیٰ فاروقی، اشفاق منگی، محمد افتخار، عدنان احمد، ارم عظیم فاروقی اور دیگر شامل ہیں۔