مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کی امیر ترین شخصیت قرار،بل گیٹس 79 ارب 60 کروڑ ڈالرکے ساتھ نہ صرف ٹیکنالوجی بلکہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں بھی پہلے نمبر پر ہیں،فوربز

جمعہ 7 اگست 2015 00:00

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کی امیر ترین شخصیت قرار،بل ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 اگست۔2015ء) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کو ایک بار پھر دنیا کی امیر ترین شخصیت قرار دیدیا گیا۔امریکی بزنس میگزین ”فوربز “نے پہلی بار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 100 امیر ترین لوگوں کی فہرست جاری کی ہے جو 842 ارب 90 کروڑ ڈالر دولت کے مالک ہیں جس میں سے 55 افراد امریکی، 33 ایشیائی اور 8 یورپی ہیں۔

فوربز کی جاری فہرست کے مطابق بل گیٹس 79 ارب 60 کروڑ ڈالرکے ساتھ نہ صرف ٹیکنالوجی کی دنیا کے امیر ترین شخص ہیں بلکہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں بھی پہلے نمبر پر ہیں جب کہ اوریکل کے بانی لیری ایلیسن 50 ارب ڈالر ملکیت کے ساتھ دوسرے امیر ترین ٹیکنالوجی پائینر ہیں اور حیرت انگیز طور پر امیزون کے مالک بزوس 47 ارب 80 کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

فوربز کی اس فہرست میں سب کے لیے اور بالخصوص فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ کے لیے کچھ مایوسی ہے کیوں کہ عام طور پر کہا جا رہا تھا کہ فیس بک کے بانی امیر ترین لوگوں میں سب کو پیچھے چھوڑ دیں گے لیکن وہ 41 ارب 20 کروڑ ڈالر کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر برا جمان ہیں اور انہیں آگے آنے کے لیے ابھی بہت دولت کمانی ہے۔فوربز کے مطابق گوگل کے بانی لیری پیج 33 ارب 40 کروڑ ڈالر کے ساتھ پانچویں، سرگئی بن 32 ارب 80 کروڑ ڈالر کیساتھ چھٹے جب کہ چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما 23ارب اور 70 کروڑ ڈالر کے ساتھ 7 ویں نمبر پر ہیں۔

امیر ترین افراد کی فہرست میں مائیکروسوفٹ کے سابق چیف ایگزیکٹو اسٹیو بالمیر 22 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں، خاتون پاوٴل جوبس 21ارب ڈالر کے ساتھ نویں اور مائیکل ڈیل 19ارب ڈالر کیساتھ دسویں پوزیشن پر ہیں۔فوربز کے مطابق اس فہرست میں سب سے کم عمر ترین دولت مند شخص اسنیپ چیٹ کے بانی ایوان اسپیگل ہے جن کی عمر 25 سال ہے اور وہ 2ارب 20 کروڑ ڈالر کے مالک ہیں جب کہ سب سے عمر رسیدہ شخص ان ٹیل کے مشترکہ بانی 86 سالہ گورڈن مورے ہیں جن کے کل اثاثے 6ارب ڈالر ہیں۔

متعلقہ عنوان :