پاک فوج کا ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر گروپ سے شدید احتجاج

بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ بھارت جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے،4 اگست کو پکھلیاں سیکٹر پرفائرنگ اور گولہ باری سے 3شہری شہید ،22زخمی ہوئے ، آئی ایس پی آڑ

جمعرات 6 اگست 2015 18:20

پاک فوج کا ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) پاک فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کہ پاک فوج نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت اور سرحدی حدود کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر گروپ سے شدید احتجاج کیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے 4اگست کو پکھلیاں سیکٹر پر ورکنگ باؤنڈری اور شہری آبادی کو جان بوجھ کر بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کے واقعہ کی تحقیقات کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے پکھلیاں سیکٹر پر پاکستانی آبادی پر بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 22 زخمی ہو گئے تھے۔