گوررنر سندھ کاباڈی بلڈنگ میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے عبدالمالک کے لیے ملازمت ،رہائش کی سہولت دینے کا اعلان

بدھ 5 اگست 2015 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء )گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے امریکہ کے شہر میامی میں باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرنے والے کراچی کے نوجوان عبد المالک کے لئے ملازمت اور رہائش کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عبد المالک نے آج شام گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات کی ۔

گولڈ میڈلسٹ عبدالمالک نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وہ اہل خانہ کی کفالت کے لئے حیدری مارکیٹ میں اسٹال لگاتا ہے اور شام کو باڈی بلڈر کلب میں جاتا ہوں، وہ چالیس گز کے ایک چھوٹے سے گھر میں پوری فیملی اور والدین کے ساتھ کرائے پر رہتا ہے ۔ اس سے قبل 2012 ء میں ایشین گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکا ہوں ۔ عبد المالک نے بتایا کہ امریکہ کے شہر میامی میں عالمی مقابلے کے لئے میں نے اپنی بیوی کے زیورات اور گھر کا قیمتی سامان بیچ کر شرکت کی اور پاکستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کیا ، عالمی مقابلے میں 60ممالک کے باڈی بلڈرز نے حصہ لیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ تین ماہ بعد امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں 80 ممالک کے باڈی بلڈرز کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے میری بھی خواہش ہے کہ اس مقابلے میں حصہ لیکر پاکستان کا نام ایک بار پھر روشن کروں ۔ گورنر سندھ نے عبدالمالک کے جذبے اور صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر پوری کوشش کریں گے کہ وہ اس عالمی مقابلے میں حصہ لے اور ساتھ ہی ایک اچھے روزگار اور رہائش کا بھی انتظام ہو اور وہ یکسو ہو کر باڈی بلڈنگ پر توجہ دے سکیں۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عبدالمالک سے کہا کہ جس طرح آپ نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اس کے لئے آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔