صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے،محمودخان

بدھ 5 اگست 2015 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ ضلع سوات میں 2010 کے دوران سیلا ب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں میں حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور منتحب ممبران اسمبلی کی نشاندہی پر اُن کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو پائے تکمیل تک پہنچائیں کیونکہ علاقے کے منتحب نمائندے کو بہتر انداز میں لوگوں کی ضروریات اور مشکلات کا اندازہ ہو سکتا ہے ۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سوات کے کمیٹی روم میں مختلف سماجی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کیساتھ منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیوں سٹاک و ماہی پروری محب اللہ خان ، ڈپٹی کمشنر سوات مسعود اسلم وزیر ، سوشل ویلفئر آفیسر،سی ایم او مٹہ سوات محمد خالق خان کے علاوہ مختلف این جی اوز کے نمائندے اور اہلکار بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع سوات میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور این جی اوز کے نمائندوں کو چاہےئے کہ وہ بھی حکومت کے ساتھ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ ڈپٹی کمشنر سوات کو دیا کریں تا کہ اجلاس میں اس پر مزید بہتری لانے کیلئے کاروائی کی جائے ۔