ملک میں موجود وسائل ملکی ترقی ،عوامی خوشحالی اور آسودہ حالی کیلئے کافی ہیں،سردارمہتاب احمد خان

بدھ 5 اگست 2015 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں موجود وسائل ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی اور اسودہ حالی کیلئے انتہائی کافی ہیں بشرطیکہ ان وسائل کو دیانتداری اور دانشمندی سے استعمال کئے جائیں ۔ وہ اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کلچرل سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ بریفنگ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

گورنر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں ایک منصوبے پر عمل در آمد شروع کی ہے جس کے تحت فاٹا کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جائیگی تاکہ انکی استعداد بڑھ کر وسائل کا استعمال بہتر منصوبہ بندی کے تحت کر نے کے قابل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ان نوجوانوں کو مقامی روایتی وسائل کے استعمال کے بارے میں مختلف ہنر سکھا کر انہیں بہتر منصوبہ بندی کی تربیت دینا ہے تاکہ وہ مقامی وسائل کو دیانتداری اور دانشمندی سے زیر استعمال لا کر ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہو سکیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ اس منصوبے کا ایک اور بنیادی مقصد خواتین کو مختلف ہنروں کی تربیت دینا ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر اچھی تجویز کا خیر مقدم کریگی۔ گورنر نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کلچرل سٹڈیز کے انتظامیہ سے کہا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر فاٹا میں خواتین کو مختلف شعبوں میں تربیت دینے کے سلسلے میں اپنی تجاویز دے اور اگر ان تجاویز کو قابل عمل پایا گیا تو حکومت بغیر کسی وقت ضائع کئے فاٹا کے خواتین کی مفاد کی غرض سے انہیں منظور کریگی۔

بریفنگ کے دوران انسٹی ٹیوٹ کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے گورنر کو بتایا کہ این آئی سی ایس نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے چار ہزار نوجوانوں کو میڈیا سٹڈیز ، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ اور مہمان نوازی کے شعبوں میں تربیت دی ہے اور تمام کے تمام نے اپنے متعلقہ شعبے جوائن کئے ہیں۔ ان نوجوانوں کو فاٹا سیکرٹریٹ کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سپانسر کیا جا رہاتھا۔

انہوں نے گورنر کو انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیوں اور اس میں موجود سہولیات کے بارے میں آگاہ کیااور اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کلچرل سٹڈیز فاٹا کے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگی۔ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ مہمند ایجنسی میں منعقدہ فاٹا سپورٹس گالا بھی انتہائی کامیاب ثابت ہواجس میں فاٹا کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کو عملی شکل میں اجاگر کیا۔

گورنر نے کہا کہ مہمند سپورٹس گالا کی کامیابی کے بعد حکومت اسی سال اکتوبر میں آل فاٹا یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کریگی جس میں فاٹا کے تمام ایجنسیوں کے نوجوان شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی آرٹ اور دستکاری کے فروغ کیلئے زیادہ وسائل کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن یہ مقامی آبادی کو اپنی آمدن بڑھانے اور اپنے لئے ذریعہ معاش پیدا کرنے کے بہتر مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔