اسلام آباد چیمبر کے صدر کی بحرین میں تعیناتی پاکستانی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال

بدھ 5 اگست 2015 16:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے بحرین کے دورے کے موقع پر بحرین میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد سعید خان سے ملاقات کی اور پاکستان و بحرین کے ما بین دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان تقریبا 20کروڑ ڈالر کی باہمی تجارت اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کر کے اور سنگل کنٹری نمائشوں کا اہتمام کر کے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔مزمل حسین صابری نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلقہ معلومات کے تبادلے کا فقدان پاکستان اور بحرین کے درمیان کم تجارت کی اصل وجہ ہے جس کو بہتر کرنی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بحرین میں موجود پاکستانی سفارتخانے پر زور دیا کہ وہ بحرین کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کیلئے پا ئے جانے والی تجارتی مواقعوں کو پاکستان کے چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کرے تا کہ پاکستان کی تاجر برادری بحرین میں موجود تجارتی مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کار خاص طور پر پاکستان میں پن بجلی، کوئلہ، تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ لہذا بحرین میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستان کی معیشت میں بحرین کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بحرین میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب محمد سعید خان نے کہا کہ ان کا سفارتخانہ پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے جنوری 2015میں بحرین کا دورہ کیا تھا اور دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں کئی معاہدے بھی کئے تھے لہذا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات میں کافی بہتری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پھلوں اور سبزیوں کی بحرین میں بہت مانگ پائی جاتی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری بحرین میں اپنی مصنوعات کی نمائش لگائے جس سے تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنا ایک تجارتی وفد بحرین کے دورے پر لائے تاکہ یہاں کی تاجر برادری کے ساتھ براہ راست ملاقات کر کے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بحرین میں قائم پاکستان کا سفارتخانہ چیمبر کے وفد کے دورے کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا ایک لاکھ پاکستانی بحرین میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس کی معاشی ترقی میں مفید کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ بحرین میں پاکستانیوں کیلئے ملازمت کے مزید مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا تا کہ ملک سے بے روزگاری و غربت میں کمی ہو اور معیشت کیلئے بھی فائدہ مند نتائج برآمد ہوں۔

متعلقہ عنوان :