بیت المال ون ونڈو آپریشن کے ذریعے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مدد فراہم کر رہا ہے ‘شیخ آفتاب

بدھ 5 اگست 2015 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ بیت المال ون ونڈو آپریشن کے ذریعے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مدد فراہم کر رہا ہے بیت المال کا فنڈ دو ارب روپے سے بڑھا کر چار ارب روپے کر دیا گیا ‘ دائرہ کار بلوچستان اور سندھ تک بڑھایا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی مختلف ارکان کے نکتہ ہائے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان بیت المال کا بجٹ وزیراعظم نے 2 ارب سے بڑھا کر 4 ارب کر دیا ہے اس کے تحت سویٹ ہومز قائم ہیں، مریضوں کی ون ونڈو آپریشن کے تحت فوری مدد کی جاتی ہے، جوں ہی مالی مشکلات دور ہوں گی سویٹ ہومز تحصیل کی سطح تک لے جائیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان بیت المال کا کردار سندھ اور بلوچستان تک بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نکتہ ہائے اعتراض پر وسیم حسین نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سندھ کے 26 اضلاع میں این ڈی ایم اے کی کوئی ٹیم ان علاقوں میں موجود نہیں ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ طاہرہ اورنگزیب نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تحصیل کی سطح پر بیت المال کے دفاتر قائم ہونے چاہئیں۔

عائشہ سید نے سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کی مذمت کی اور بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ عائشہ سید نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بے قاعدگیوں کا شکار ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ سلمان خان بلوچ نے کہا کہ ان کا حلقہ کیماڑی ترقیاتی کاموں حوالے سے نظر انداز ہو رہا ہے، وزیراعظم اس کا نوٹس لیں۔

عبدالستار باچانی نے کہا کہ سندھ کے علاقوں میں پاکستان بیت المال کے تحت کوئی ریلیف نہیں ہے۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ ان کے حلقہ میں اور خیبرپختونخوا میں کوئی سویٹ ہوم نہیں ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کیا جائے۔ شیخ روحیل اصغر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پرائیویٹ حج پیکج کم سے کم ساڑھے چار لاکھ سے شروع ہوتا ہے، وزارت مذہبی امور کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی صوابدید ختم ہونی چاہیے، پرائیویٹ سکیم کا کوٹہ کم کر کے سرکاری سکیم کا کوٹہ بڑھایا جائے۔

عبدالقہار ودان نے کہا کہ کوئٹہ میں کسٹم عملہ کاروباری افراد کو تنگ کر رہا ہے، لوگ سراپہ احتجاج ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔ مولانا محمد گوہر شاہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کا بجٹ بڑھا کر 20 ارب کیا جائے۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ خواتین میں چھاتی کے سرطان کا مرض بڑھتا جا رہا ہے، یہ علاج مہنگا ہے، پاکستان بیت المال کے ذریعے تمام سرکاری و نیم سرکاری ہسپتالوں میں مراکز قائم کئے جائیں۔