قومی اسمبلی اجلاس ،وزیراعظم خوشگوار موڈ اور معنی خیز انداز میں مسکراتے رہے

بدھ 5 اگست 2015 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اور معانی خیز انداز میں کئی مرتبہ مسکراتے بھی رہے‘ اجلاس ملتوی ہونے کے موقع پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں اور ان کی تقریر کو سراہا جبکہ سپریم کورٹ سے فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں فیصلے پر انہیں مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف بدھ کو جب تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر ایوان میں اپنا موقف بیان کرنے آئے تو حکومتی ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم اپنی نشست پر بیٹھ گئے تو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے اہم امور پر تبادلہ خیالات کرتے رہے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خواجہ آصف وزیراعظم کی تقریر کے بعد ایوان میں آئے تو ان کی نشست پر وفاقی وزیر مشاہد الله خان براجمان تھے تاہم خواجہ آصف کی آمد پر وہ اپنی نشست سے اٹھ کر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے پاس خالی نشست پر جا کر بیٹھ گئے۔

وزیراعظم کی تقریر ان کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے لکھی ‘ وزیراعظم نے لکھی ہوئی تقریر کے علاوہ فی البدیہہ خطاب بھی کیا اور انہوں نے ایک قومی رہنما کے طور پر تحریک انصاف کی طرف سے گزشتہ سال دھرنے کے موقع پر دیئے گئے نامناسب بیانات اور غلط زبان کے استعمال کے باوجود معاملے کو رفع دفع کرنے کے حق میں دلائل دیئے۔ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان وزیراعظم کے پاس آگئے اور تقریباً دس منٹ تک ان سے ہاتھ ملاتے رہے اور انہیں حکومت کی کامیاب پالیسیوں پر مبارکباد بھی دیتے رہے۔

بعض نوجوان ارکان نے تحریک انصاف کے معاملے پر جذباتی انداز میں بات کی تو وزیراعظم نے کہا کہ ایسا لہجہ اختیار کرنا مناسب نہیں ہے ہمیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم جب اپنے چیمبر کی طرف آئے تو بعض سینئر اخبار نویسوں کو دیکھ کر سکیورٹی اہلکاروں کو پیچھے ہٹایا اور ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کرنے کے علاوہ کچھ دیر تک بات چیت بھی کی اور پھر پارلیمنٹ ہاؤس سے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے۔