حکومت سندھ نے کراچی کے بلدیاتی سیٹ اپ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا

بدھ 5 اگست 2015 15:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) حکومت سندھ نے کراچی کے بلدیاتی سیٹ اپ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سندھ کے وزارت بلدیات ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بلدیاتی اداروں میں نئے افسران کی تعیناتی کے لئے نئے نام مانگ لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لئے رؤف اختر فاروقی، سجاد عباسی اور ہاشم رضا زیدی کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کے لئے ایک بار پھر مصباح الدین فرید کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرز بھی تبدیل کئے جائیں گے۔