Live Updates

عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی پارٹی رکنیت معطل کردی

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 5 اگست 2015 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام مخالفین نے مل کر بھی پارٹی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے سینئر رہنماؤں پر بے بنیاد الزام عائد کر کے پہنچایا صرف چیئرمین کو ہی اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ یہ فیصلہ کرسکے کہ کیا چیز پارٹی کے بہترین مفاد میں ہے۔

بدھ کو پارٹی چیئرمین عمران خان کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے چار اگست کو پارٹی کے اندرونی معاملات پر میڈیا میں بات کرنے سے منع کرنے کے سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے باوجود پارٹی ڈسپلن کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

اس نوٹیفکیشن میں عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ جو بھی پارٹی کے اندرونی معاملات کو میڈیا میں لائیگا اس کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی جائیگی۔

عمران خان نے کہا کہ چونکہ انہوں نے ہمیشہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کا انتہائی احترام کیا ہے اس لئے چند روز قبل ان سے تین گھنٹے طویل ملاقات بھی کی تھی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے بے بنیاد الزامات کے ذریعے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کو بدنام کر کے پارٹی کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا تمام مخالفین مل کر بھی نہیں پہنچا سکتے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ حقائق کی روشنی میں اور چار اگست کو جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین عمران خان کے پاس جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔عمران خان نے واضح کیا کہ پارٹی کے آئین کے مطابق صرف چیئرمین کو ہی اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ یہ فیصلہ کرسکیں کہ کیا چیز پارٹی کے بہترین مفاد میں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :