پرائیویٹ حج آپریٹرز لوگوں سے حج پیکیج کے نام پر کتنی رقم وصول کررہے ہیں اس کاکوئی ڈیٹاموجود نہیں ‘ پیر امین الحسنات

بدھ 5 اگست 2015 14:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز لوگوں سے حج پیکیج کے نام پر کتنی رقم وصول کررہے ہیں اس کاکوئی ڈیٹاوزارت کے پاس موجود نہیں ، اب پرائیویٹ حج آپریٹرز کو پابند کیا گیاہے کہ وہ صرف اکانومی اور ایگزیکٹو پیکیج دینگے اس حوالے سے سروس کی فراہمی سے متعلق ایک معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی کرنیوالے آپریٹرز پر جرمانہ کیاجائیگاجبکہ ارکان اسمبلی نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کی طرف سے حج پیکیج کیلئے بہت زیادہ رقوم کی وصولی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کوٹہ کم کر کے سرکاری سکیم کا کوٹہ بڑھایا جائے، سپیکرسردار ایاز صادق نے بھی اس کی تائید کی۔

(جاری ہے)

بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے بتایا کہ عازمین حج کیلئے بحری سروس شروع کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حج ٹور آپریٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں جو حجاج کرام کو پیکیج کی پیشکش کرتی ہیں اب ٹو، تھری، فور سٹار وغیرہ کے تمام پیکیج کا پابند کیا گیا ہے جو کہ اکانومی اور ایگزیکٹو پیکیج ہیں، انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے تعاون سے اب پچاس فیصد حجاج کرام جدہ اور پچاس فیصد حجاج کرام مدینہ منورہ جائینگے، پی آئی اے نے ایک لاکھ 7ہزار روپے سے کرایہ کم کر کے 77ہزار روپے کردیا ہے اور تیل سستا ہونے پر کرائے مزید کم ہونگے ، ارکان کے ضمنی سوالات کے جواب میں وزیر مملکت نے بتایا کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے وزارت کیساتھ ایک معاہدے پردستخط کئے ہیں جس کے تحت حج کے دوران سہولتوں اور بعد از حج کی ذمہ داریوں کی تفصیلات طے کی گئی ہیں ، اب ہر آپریٹر فی حاجی پانچ فیصد رقم وزارت کے پاس جمع کروائے گا اورجو آپریٹر اپنے فرائض میں کوتاہی کریگا اس کے کوٹے میں بھی کمی کی جائیگی اور جرمانہ بھی کیا جائیگا،

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس مرتبہ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کا کوٹہ تین فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا مگر حج آپریشن شروع ہونے کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہ کی جاسکا، آنیوالے سالوں میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی اجارہ داری میں کچھ نہ کچھ فرق ضرورآئیگا، انہوں نے بتایا کہ حج وعمرہ کے حوالے سے سب سے بڑا فریق سعودی عرب ہے، ہم اس حوالے سے سعودی حکومت سے بھی بات کرینگے، انہوں نے بتایا کہ 2008ء میں پرائیویٹ حج آپریٹرز کو پچاس فیصد کوٹہ دینے کا فیصلہ ہوا، پرائیویٹ حج آپریٹرز کے حج پیکیج سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے بتایا کہ ہمارے پاس اس حوالے سے کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے، پرائیویٹ کمپنیوں اور حاجی کے درمیان حج پیکیج کا معاہدہ ہوتا ہے اور یہ کمپنیاں کتنی رقم وصول کرتی ہیں اس کا ہمیں کوئی علم نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغرنے تجویز پیش کی کہ پرائیویٹ کوٹہ کم کر کے سرکاری کوٹہ بڑھایا جائے کیونکہ پرائیویٹ کمپنیاں بہت زیادہ رقوم فراہم کررہی ہیں جس سے غریب آدمی کیلئے حج جیسے فرض کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے، سپیکر سردار ایاز صادق نے بھی اس تجویز کی تائید کی جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے اس سال تین فیصد کوٹہ کم کرنے کی کوشش کی مگر نہ کرسکے ، اس پر سپیکر نے استفسار کیا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت میں گئے تھے ، وزیر مملکت نے اس کا کوئی جواب نہ دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ جن پرائیویٹ کمپنیوں کیخلاف شکایات متی ہیں ان پر جرمانہ کیا جاتا ہے اور کوٹہ بھی کم کرتے ہیں ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم سپیکر وزراء سمیت کسی کا بھی حج کوٹہ نہیں ہے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ کوئی مفت حج نہیں ہوگا اور کوئی کوٹہ نہیں ہوگا تاہم پانچ فیصد ویلفیئر کوٹہ موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال دو لاکھ ستر ہزار درخواستیں آئیں جن میں سے ستر ہزار قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کئے گئے اگر پرائیویٹ حج آپریٹرز کا پچاس فیصد کوٹہ بھی ختم کرایا جائے تو پھر بھی دو لاکھ افراد نہیں جاسکتے، سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ جس طرح نیپرا اوردیگر ایگزیکٹو ادارے کنٹرول کرتے ہیں کیا وزارت مذہبی امور پرائیویٹ حج آپریٹرز کو کنٹرول نہیں کرسکتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے بتایا کہ پرائیویٹ حج سکیم کیلئے مختص کردہ کوٹے کی بولی کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم حج پالیسی 2016ء تشکیل دیتے وقت مختلف آپشنز زیر غور لائینگے، انہوں نے بتایا کہ جن پرائیویٹ حج آپریٹرز کیخلاف حجاج کرام نے شکایات کی تھیں ان کو 33ملین جرمانہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :