بلوچستان اسمبلی،الطاف حسین کیخلاف مذمتی قرار داد جمع،7 اگست کو اجلاس میں پیش کی جائیگی

بدھ 5 اگست 2015 14:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) بلوچستان اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی ،7 اگست کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی ،بدھ کے روز بلوچستان اسمبلی کے ارکان سرفراز بگٹی ،رحمت صالح بلوچ ،راحیلہ درانی اور میر خالد لانگو کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرار داد جمع کرائی گئی ہے،قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے دوران فوج اور پاکستان کے خلاف بیان دیکر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں،قرار داد میں کہاگیا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کے دشمن بھارت سے تعلقات اور ”را“ سے فنڈنگ کے بھی الزامات ہیں ،الطاف نے بھارت اور نیٹو سے مدد مانگی ہے اور پاکستان میں مداخلت کیلئے دعوت دی ہے ،الطاف حسین نے اپنی تقریر کے دوران غداری کے مرتکب ہوئے ہیں اور ملک دشمن ہونے کاثبوت دیا ہے لہذا الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے،بلوچستان اسمبلی میں جمع کرائی گئی مذمتی قرار داد7 اگست کو اجلاس میں پیش کی جائے گی۔