2013کے انتخابات میں خرابیوں کے ذمہ دار الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران اور چیف الیکشن کمشنرہیں ،سابق ایڈیشنل سیکرٹری

بدھ 5 اگست 2015 14:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) سابق ایڈیشنل سیکرٹری محمد افضل خان نے کہاہے کہ 2013کے انتخابات میں خرابیوں کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران اور چیف الیکشن کمشنر پر عائد ہوتی ہے کیونکہ ملک میں صاف شفاف اورغیر جانبدارانہ لیکشن کا انعقاد اور بدعنوانیوں پر مبنی اقدامات کو روکنا چیف الیکشن کمشنراور چاروں ممبران کی آئینی زمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کا انتظامی افسر سیکرٹری الیکشن کمیشن ہوتا ہے سیکرٹری الیکشن کمیشن اور اس کا ماتحت عملہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے احکامات پر عمل درآمد کرتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

05اگست۔2015ء کے ساتھ ایک انٹریو کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ 2013کے الیکشن سے قبل جو ذمہ داریاں میرے سپرد کی گئی تھی انہیں میں نے احسن طریقے سے نبھایا ہے اور انتخابات سے قبل الیکشن اگاہی مہم کے لئے خرچ کئے جانے والے کروڑوں روپے ادارے کے لئے بچائے اور الیکشن کمیشن کی تاریخ کی سب سے بڑی مہم جس میں نامور ٹی وی اور فلمی شخصیات اور کھلاڑیوں نے بلامعاوضہ ووٹر اگاہی مہم میں الیکشن کمیشن کے لئے کام کیا اور اس کو اپنے لئے ایک اعزاز تصور کیاانہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں جن نقائص کی نشاندھی کی گئی ہے بدقسمتی سے ان پر توجہ دینے کی بجائے الیکشن کمیشن کو غلط راستے پر لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں 2013کے انتخابی عمل میں شریک الیکشن کمیشن کے ممبران سے لیکر ریٹرننگ افسران تک اور ریٹرننگ افسران سے لیکر پریزاڈینگ افسران تک تمام انتخابی عملے سے باز پرس کی جائے اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے تاکہ الیکشن کے عمل کو صاف و شفاف کیا جا سکے انہوں نے کہاکہ جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی موجودہ حیت میں انقلابی تبدیلیاں تجویز کی جائیں اور انتخابی عمل پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے انسانی عنصرکی بجائے جدید ٹیکنالوجی بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کا استعمال شروع کیا جائے

انہوں نے کہاکہ چند سال قبل نادرہ کے سابق چیرمین بریگیڈئیر (ر) سلیم معین نے الیکشن کمیشن کے سامنے الیکٹرانیک ووٹنگ مشین پیش کی تھی محمد افضل خان نے چیف الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ الیکشن کمیشن میں اصلاحات اور مستقبل میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے ان تمام نقائص پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں جو جوڈیشیل کمیشن نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں پیش کی ہیں انہوں نے موجودہ حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ آئینی ترمیم کے زریعے الیکشن کمیشن کے موجود ممبران کو ہٹا کر ہندوستان کی طرز پر دو رکنی غیر جانبدار اور قابل بھروسہ الیکشن کمیشن بنایا جائے اور انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کے استعمال کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

محمد افضل خان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب ریاض کیانی کی جانب سے کسی بھی مقدمے کی صورت میں نہ صرف اپنا بلکہ الیکشن کمیشن کا بھی بھرپور دفاع کرونگااور عدالت کے سامنے ممبر پنجاب کی کرپشن اور انتخابات کے دوران ان کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات بھی پیش کرونگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے ممبر ریاض کیانی کی جانب سے 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری ان پر عائد کئے جانے کے جواب میں کیا انہوں نے کہاکہ ریاض کیانی الیکشن کمیشن میں صوبہ پنجاب کی جانب سے ممبر تھے اور پاکستان تحریک انصاف نے دھاندلی کی تمام تر شکایات پنجاب کے بارے میں کی تھی جو کہ ممبر پنجاب کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہاکہ انتخابی حلقوں میں ضرورت سے زائد بیلٹ پیپر ریاض کیانی کے احکامات پر چھاپے گئے تھے کیونکہ الیکشن کے دوران تمام تر احکامات ریاض کیانی کی جانب سے جاری کئے جاتے رہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران یو این ڈی پی کے تربیت یافتہ عملے کی بجائے غیر تربیت یافتہ عملے کو چھپائی سمیت کئی اہم امور میں شامل کیا گیا یو این ڈی پی کے رزلٹ منجمنٹ سسٹم کو جان بوجھ کر بند کرکے تمام تر نتائج ہاتھ سے تیار کئے گئے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہزاروں کی تعداد میں فارم 15غائب ہوگئے انہوں نے کہاکہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ الیکشن میں دھاندلیوں کے الزامات کے بعد الیکشن کمیشن نے از خود تحقیقات نہیں کئے جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے اور احتجاجی تحریک شروع کی گئی اگر الیکشن کمیشن دھاندلی کی تحقیقات کے از خود ایک آزاد اور خود مختار کمیشن قائم کر دیتا تو موجودہ حکومت کے لئے مشکلات پیدا نہ ہوتی انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ممبر ریاض کیانی سے میری کوئی زاتی جنگ نہیں ہے اگر وہ کوئی مقدمہ کرنا چاہتے ہیں تو سو دفعہ کریں میں الیکشن کمیشن کے امیج کو بچانے کے لئے ان کا مقابلہ ضرور کرونگا اور میرے پاس ان کی جانب سے بطور ممبر الیکشن کمیشن سے لئے جانے والے تمام تر مراعات اور دیگر بدعنوانیوں کے ثبوت موجود ہیں انہوں نے قومی خزانے سے جو فوائد حاصل کئے ہیں اور الیکشن کمیشن کے ماتحت عملے کو جن جائز مراعات سے محروم کیا ہے وہ عدالت کے سامنے پیش کرونگا انہوں نے کہاکہ ریاض کیانی الیکشن کمیشن کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی سازش کر رہے ہیں اس سلسلے میں اپنے ووکلا سے مشورہ کرکے ریاض کیانی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرونگا۔

متعلقہ عنوان :