عدالتی فیصلہ ضرب عضب کے بعد دہشتگردوں پر ایک اور کاری ضرب ثابت ہو گا،حکومت

بدھ 5 اگست 2015 13:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اگست۔2015ء) حکومت نے کہا ہے کہسپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جو آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں پر ایک اور کاری ضرب ثابت ہو گا،فوجی عدالتیں جلد فعال ہو جائیں گی،سپریم کورٹ کا فیصلہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کا حصہ ہے،بدھ کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 18 اور21 ویں ترمیم کیخلاف درخواستیں مسترد اور فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں فیصلہ آنے کے بعدوزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہمارے لئے بہت خوشی کا دن ہے ،سپریم کورٹ آف پاکستان نے دہشت گردوں پر آپریشن ضرب عضب کے بعد ایک اور کاری ضرب لگائی ہے،یہ فیصلہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے معاون ثابت ہو گا اور سماج دشمن افراد کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ جرائم کی شرح میں واضح کمی آئے گی،انہوں نے کہا کہ قانونی لحاظ سے سپریم کورٹ کا فیصلہ اہم اور تاریخی ہے ہمیں ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی،ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی میں واضح کمی ہوئی ہے عدالتی فیصلے نے دہشت گردوں پر مزید ایک اور کاری ضرب لگائی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر وزیر اعظم کے خصوصی مشیر اشتر اوصاف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے ،فوجی عدالتیں جلد فعال ہو جائیں گی ،سیاسی حکومت میں فوجی عدالتوں کا قیام دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے ثمرات نظر آرہے ہیں اگر آپریشن ضرب عضب شروع نہ ہوتا تو آج ہم ان حالات میں نہ ہوتے ،وزیر اعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی عزم کا اظہار کیا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کی ہر صورت ختم کرنا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے نے ہمیں ایک نئی جہت دی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم جن حالات سے گزررہے ہیں ایسے حالات کسی اور ملک میں نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :