گوجرانوالہ اور میانوالی میں سزائے موت کے 4 قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا

بدھ 5 اگست 2015 11:57

گوجرانوالہ / میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء )گوجرانوالہ اورمیانوالی کی جیلوں میں سزائے موت کے 4 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی جب کہ 2 مجرموں کی پھانسی عین وقت پر روک دی گئی۔بدھ کومیانوالی کی سینٹرل جیل میں قتل کے 3 مجرموں کو علی الصبح پھانسی دے دی گئی۔میانوالی کی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے تین قیدیوں امان اللہ، ریاض اور ممتاز کو پھانسی دی گئی۔

(جاری ہے)

تینوں قیدیوں نے 2006 میں فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا تھا۔ایک قیدی کریم کی پھانسی سپریم کورٹ میں دائر اپیل کی وجہ سے موخر کر دی گئی۔ادھر، گوجرانوالہ میں بھی ایک قیدی وقارعرف مٹھو بٹ کو اپنے کیے کی سزا ملی۔ وقار نے 2000 میں چار خواتین سمیت پانچ افراد کی جان لی تھی۔اسی جیل میں ایک اور قیدی انور علی کی پھانسی مخالفین سے صلح کے بعد ٹل گئی۔۔واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 200 کے قریب مجرموں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔