چنیوٹ ،دریائے چناب عبور کرتے ہوئے ماں بیٹی اور بھانجی سمیت ڈوب کر جاں بحق

بدھ 5 اگست 2015 11:56

لاہور/چنیوٹ /دریاخان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) چنیوٹ میں دریائے چناب عبور کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ 3خواتین ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں،جاں بحق ہونے والوں میں ماں، بیٹی اور بھانجی شامل تھیں ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی بارشوں کے سلسلے میں دریاوٴں میں سیلابی صورتحال برقرارہے۔ تربیلا ڈیم انتہائی سطح پر پہنچنے میں پانی ایک فٹ رہ گیا۔

دریائے سندھ میں پانی کے بہاوٴمیں اضافہ ہونے لگا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 75 ہزار کیوسک ہوگئی جبکہ پانی کا اخراج تین لاکھ45ہزار 800 کیوسک ریکارڈکیاگیا۔

(جاری ہے)

دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب کا اور پانی کا بہاوٴایک لاکھ 2ہزارنوسو کیوسک ریکارڈکیاگیا۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 5 لاکھ 51 ہزار 538 کیوسک ریکارڈکی گئی ۔ تونسہ بیراج میں پانی کا بہاوٴ 5 لاکھ 97 ہزار 730 کیوسک ریکارڈکیاگیا۔

تریموں بیراج میں پانی کا بہاوٴ ایک لاکھ 31 ہزار کیوسک اور پنجند میں پانی کی آمد ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈکیاگیا۔گدو بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاوٴ 7 لاکھ 22 ہزار 400 کیوسک ہے۔ سکھر بیراج میں پانی کی آمد 7 لاکھ 9 ہزار 316 کیوسک ہے۔ تین لاکھ 59 ہزار کیوسک پانی سمندر برد ہورہا ہے۔