10اگست سے پہلے کھلنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راولپنڈی

منگل 4 اگست 2015 23:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء)ْڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع راولپنڈی قاضی ظہورالحق نے کہا ہے کہ 10اگست سے پہلے کھلنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ڈینگی سے بچاوٴ کے مکمل اقدامات ضروری ہیں۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ڈینگی سے بچاوٴ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ منگل کے روزآل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویڑن کے صدر ابرار احمد خان نے ای ڈی او ایجو کیشن قاضی ظہور الحق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں نجی تعلیمی اداروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ موسم گرما کی تعطیلات کے بارے میں ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہورالحق نے والدین کی طرف سے بعض تعلیمی اداروں کے بارے میں موصول ہونے والی شکایات کا ذکر کیا کہ کچھ نجی تعلیمی ادارے انتہائی گرمی اور حبس میں کھول دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سکول بند کرنے اور کھولنے کے حوالے سے کوئی ضابطہ نہیں ہے۔

حکومتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے دیئے گئے شیڈول پہلے کھول دیئے گئے ہیں۔ والدین کی طر ف سے موصول ہونے والی شکایات کے پیش نظر 10 اگست سے پہلے کھلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قاضی ظہور الحق نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے میں ایسوسی ایشن اپنا کردار ادا کرے۔ انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے معائنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

جس تعلیمی ادارے میں ڈینگی کا لاروا پایا گیا اس کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا۔ ڈینگی کی روک تھام کے لئے غیر معمولی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،آ ل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویڑن کے صدر ابرار احمد خان نے کہا کہ اگست کے پہلے ہفتے میں کھلنے والے نجی تعلیمی اداروں کی تعداد آٹے میں نمک برابر ہے۔ ایپسما کے فیصلے کی روشنی میں زیادہ تر تعلیمی ادارے 17 اگست کو کھلیں گے۔ ابرار احمد خان نے ای ڈی او ایجوکیشن کو یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن ہمیشہ کی طرح دینگی کی روک تھام کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے گی اور ڈینگی واک ، سیمینارز کے ذریعے بچوں میں آگاہی پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔