خیبر پختونخوا اسمبلی نے الطاف حسین کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی

وفاقی حکومت سے ایم کیوایم کے قائد کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے اور انٹرپول کے ذریعے گرفتارکرکے پاکستان لانے کا مطالبہ

منگل 4 اگست 2015 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) خیبر پختونخوا اسمبلی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد میں وفاقی حکومت سے الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے اور انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتارکرکے پاکستان لانے کا مطالبہ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز اسمبلی کی کارروائی کے دوران تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے الطاف حسین کیخلاف مذمتی قرار داد پیش کی قرار داد کے متن میں الطاف حسین کی فوج اور ریاست کے خلاف بیانات کی شدید مذمت کی گئی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے اور یہ اسمبلی الطاف حسین کی بھارت اور اقوام متحدہ کی پاکستان میں مداخلت کی دعوت دینے کے بیان کی بھی مذمت کرتی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ الطاف حسین کے خلاف فوری طور پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔