مہاجر سب سے زیادہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر

منگل 4 اگست 2015 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدرنے کہا ہے کہ مہاجر صرف اور صرف پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کیخلاف بات کرنے والے کسی بھی شخص کو برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سند ھ میں سب سے زیادہ علیحدگی پسندوں کی مخالفت مہاجروں کی جانب سے کی جاتی ہے۔ وہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

جس میں مہاجر صوبہ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں بناکر ذمہ داریاں دی گئیں۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر آگ و خون کے دریا عبور کرکے پاکستان میں آئے ہیں اور اب ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ لہٰذا کوئی بھی مہاجروں کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ MIT کا روز اول سے منشور ہے کہ ہم پہلے پاکستانی اور اس کے بعد کچھ اور ہیں۔

(جاری ہے)

ہم مہاجر صوبے کی بات بھی وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے کرتے ہیں ۔ MIT علیحدگی پسندی کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ملک دشمنوں کو ہم نے کبھی برداشت نہیں کیا ۔ انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سندھ میں مہاجروں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے مہاجر افسران کو سائٹ لائن کرکے غیر مہاجروں کو منافع بخش جگہوں پر لگایا جارہا ہے اس کی تحقیقات کی جائے اور ان کی لوٹ مار کے بعد بنائے گئے اثاثوں کو ضبط کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم سندھ میں برابری کی بنیاد پر اپنے حقوق چاہتے ہیں ، ہمارا کسی قومیت سے کوئی جھگڑا نہیں ہے لیکن اپنے حقوق پر نہ تو کوئی مفاہمت کریں گے اور نہ ہی کسی کو حقوق غضب کرنے دیں گے۔ کراچی کے وسائل کو لوٹ کر سندھ کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔ اپیکس کمیٹی اس صورتحال کا جائزہ لے اور کرپشن سے پاک سندھ کی بنیاد رکھیں۔

متعلقہ عنوان :