الطاف حسین کا دل بھارت کے لئے دھڑکتا ہے،سندھ نیشنل پارٹی کے رہنما اشرف نوناری

منگل 4 اگست 2015 22:54

کراچی/حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) سندھ نیشنل پارٹی نے ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے جماعت متحدہ قومی موومنٹ پر فوری پابندی نہ لگانے پر متحدہ کی دفاتر کی خود تالا بندی کی دھمکی دے دی،پاکستان بنانے میں مہاجروں کی بڑی قربانیاں ہیں مگر مہاجروں کے نام نہاد لیڈر کا دل اب بھی ہندوستان کے لئے دھڑکتا ہے،جس کے باعث مہاجروں کے سرشرم سے جھک گئے ہیں مگر مہاجر قوم کی ملک سے وفاداری پر کوئی شک نہیں کیاجاسکتا،باشعور اردوبولنے والے فوری الطاف حسین سے مہاجر قوم کی لاتعلقی اعلان کریں، سندھ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اشرف نوناری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ قائد الطاف حسین کی تقاریر سے ظاہر ہوگیا کہ وہ ملک دشمن ہیں اور ان کا مقصد صرف اور صرف ملک توڑنا اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنا ہے،اشرف نوناری نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ میں شامل سندھیوں،بلوچوں،پختونوں،پنجابیوں،سرائیکوں ،کشمیریوں سمیت تمام قوموں سے تعلق رکھنے والے افراد ملک دشمن جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے فوری علیحدگی کا اعلان کریں ورنہ انہیں بھی تاریخ ملک دشمن کے نام سے یادرکھے گی،انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کے لئے مذہبی دہشتگردوں اور طالبان سے بھی خطرناک ہے جس پر فوری پابندی عائد کی جائے،اگر حکومت نے ملک دشمن جماعت پر پابندی نہیں لگائی تو سندھ نیشنل پارٹی خود متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ میں قائم تمام دفاتر کو مرحلے وار تالے لگادے گی،اشرف نوناری نے کہا کہ اردوبولنے والوں نے پاکستان کے قیام کے لئے قربانیاں دی ہیں جیسے کوئی فراموش نہیں کرسکتا اور کسی بھی مہاجر کی ملک سے وفاداری پر شک کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا،انہوں نے کہا کہ آج متحدہ قومی موومنٹ القائدہ،طالبان اور داعش جیسے تنظیموں کی صف میں کھڑی ہے ملک توڑنے اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کے لئے اپنے بیرونی آقاؤں کو مدد کے لئے طلب کررہی ہے،اشرف نوناری نے کہا کہ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے اسے دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے دہشتگردوں کے سب سے بڑے ٹھکانے متحدہ کے مرکز 90زیرو کو فوری مسمار کیا جائے اور الطاف حسین کے بیان کی حمایت کرنے والی رابطہ کمیٹی ،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ذمہ داران کے خلاف سرکار کی مدعیت میں آرٹیکل 6کے تحت بغاوت کے مقدمات درج کرکے انہیں فوجی عدالتوں میں بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ سندھ نیشنل پارٹی پرامن سندھ اور سندھ میں رہنے والے ہرشہری کے حقوق کے لئے رینجرز اور افواج پاکستان کی قربانیوں اور جاری رینجرز کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔