سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی جاپان روانہ، ورلڈ اسکاوٴٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ وصول کرینگے

منگل 4 اگست 2015 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) مسلم لیگ کے سنئیر رہنماء وسابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ کو ورلڈ اسکاوٴٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے ،اس سلسلے میں سید غوث علی شاہ منگل کی صبح جاپان روانہ ہوگئے ہیں،جہاں وہ ایوارڈ وصول کریں گے،سابق چیف اسکاوٴٹس کمشنر سید غوث علی شاہ نے روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پارٹی کے پرانے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سیلاب سے بدترین صورتحال ہے اور سندھ حکومت صرف فوٹو سیشن کرانے اور خبریں جاری کرنے تک محدود ہوچکی ہے،ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ بندوں اور پشتوں کو پکا کرنے کے نام پرزبردست کرپشن کی جاری ہے اور ریتی بجری ،پتھروں اور دیگر سامان کی مد میں کڑوروں روپے کے بل بنائے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ضرورت اس بات کی ہے متاثرین سیلاب کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے اور جو ان کا نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے،انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہ پہنچے تو اس سے لوگوں میں بد دلی پھیلتی ہے،سید غوث علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئیے ایک بہت بڑی نعمت ہے ،لہذا اس کے خلاف کسی کو کوئی بات نہیں کرنی چاہئیے بھارت پاکستان کا اذلی دشمن ہے وہ کبھی پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتا اس لئیے اس سے مدد مانگنا یا نیٹو فورسز کو پاکستان میں مدعوکرنا حب الوطنی نہیں ہے،سیاستدانوں کو اس بارے میں زمہ دارانہ بیان دینا چاہئیے،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے،آج جس کی بھی جو حیثیت ہے وہ پاکستان ہی کی وجہ سے ہے ،اگر ہم کسی اور ملک میں ہوتے تو ہماری شاہد یہ حیثیت نہ ہوتی۔