3برس میں صاف پانی پراجیکٹ پر اربوں روپے خرچ کئے جائینگے‘شہبازشریف

مرحلہ وار پروگرام کے تحت صاف پانی پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا مقرر کردہ مدت کے اندر منصوبے کے امور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،تاخیر برداشت نہیں کرونگا وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس،صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

منگل 4 اگست 2015 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے جڑا ہوا ہے اور اس انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے کو تیزرفتاری سے آگے بڑھانا ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوسکے کیونکہ پینے کا صاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو یہ حق دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 برس کے دوران صاف پانی پراجیکٹ کے بڑے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت صاف پانی پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقرر کردہ مدت کے اندر منصوبے کے امور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورمیں کسی بھی صورت منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ہاؤسنگ صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اورپنجاب صاف پانی کمپنی کوبھی ازخوداقدامات اٹھا کرفیصلے کرنے چاہئیں۔صوبائی وزیرہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز ہاؤسنگ، قانون، خزانہ، اطلاعات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب صاف پانی کمپنی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :