وزیراعلیٰ کا سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری سروے کرانے کا حکم

پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑی ہے، میں متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا‘شہبازشریف متاثرین کی خدمت کیلئے منتخب نمائندے او رانتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے ،وزیراعلیٰ کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 22:32

وزیراعلیٰ کا سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری سروے کرایا جائے-متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ متاثر ہونے والے مکانات اورفصلوں کا فی الفور سروے شروع کرے-سروے کا کام گزشتہ برس آنے والے سیلاب کے نقصانات کے سروے کی روشنی میں کیا جائے - وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ لاہور،ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز اورمختلف اضلاع میں موجود کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اراکین سے ویڈیوکانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں سیلاب اور بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے - مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ، میں متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا-متاثرین کی خدمت کے لئے منتخب نمائندے او رانتظامی افسران بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلاب اورشدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں-ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کو بروقت تین وقت کے کھانے کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے- میڈیکل کیمپوں میں متاثرہ افراد کو تمام ضروری طبی سہولتیں ملنی چاہئیں -متاثرین کے مویشیوں کی ویکسنیشن کے ساتھ ونڈے اور چارے کی کمی نہیں آنی چاہیے-میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل کے بعض مقامات پر کھڑے پانی کی نکاسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عیسیٰ خیل میں شدید بارش سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے فی الفور اضافی ٹینٹس بھجوائے جائیں -ڈی واٹرنگ سیٹ اور دیگر مشینری میں اضافہ کر کے پانی کا جلد نکاس ممکن بنایاجائے -انہوں نے کہا کہ علی پو رکے حفاظتی بند کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے -ڈی جی پی ڈی ایم اے نے امدادی سرگرمیوں اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ محکمہ موسمیات کے ڈی جی نے آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا-صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ،ڈاکٹر فرخ جاوید،بلال یاسین،چودھری شیر علی ، یاور زمان،ملک اقبال چنڑ،ایم پی اے زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، اراکین صوبائی اسمبلی،متعلقہ سیکرٹریز،امدادی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ لاہور، متعلقہ ڈویژنوں کے کمشنرز دفاتراور اضلاع سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ویڈیولنک کے ذریعے راولپنڈی،جہلم،لیہ ،ڈیرہ غازی خان،ملتان،مظفر گڑھ،بھکر سیالکوٹ، سرگودھا،میانوالی ، راجن پور ، رحیم یار خان اوراٹک سے متعلقہ منتخب نمائندوں اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :