پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جائیگا ، مستحق مریضوں کا علاج مفت ہوگا،شہبازشریف

انسٹیٹیوٹ کا ابتدائی ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے، ادارے کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تعمیر کا کام دن رات ہونا چاہیے پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی اعلیٰ معیار ، شفافیت ، اور برق رفتاری کا شاہکار ہوگا، جدید طبی سہولتیں ملیں گی متعلقہ صوبائی ووفاقی ادارے امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں ،میڈیکل آلات کیلئے بین الاقوامی کمپنی کا تقرر عمل میں لایا جائے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس،لیگل کنسلٹنٹ کی تقرری کی منظوری

منگل 4 اگست 2015 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،بین الاقوامی کمپنی کے نمائندے نے منصوبے کے ابتدائی ماسٹر پلان کے ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی ۔

اجلاس کے دوران منصوبے کیلئے لیگل کنسلٹنٹ کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا عظیم الشان منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا ابتدائی ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گردہ و جگر کے امراض کے حوالے سے ملک کے سب سے پہلے اور منفرد منصوبے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جارہاہے اور یہ جنوبی ایشیاء کا سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ ہوگا جہاں گردے اور جگر کے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین سہولتیں میسر آئیں گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تعمیر کا کام دن رات ہونا چاہیے کیونکہ اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ شجرکاری منصوبے کا اہم جزہے ، لہٰذا پودے لگانے اور لینڈسکیپنگ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے-انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کیلئے علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گا لیکن اس کے ساتھ بجلی کا متبادل انتظام بھی انتہائی ضروری ہے-انہوں نے کہاکہ منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب ہوگی اور ادارے میں مستحق مریضوں کا مفت علاج ہوگا- انہوں نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا -ادارے میں ریسرچ سنیٹر بھی بنے گا - وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ صوبائی ووفاقی ادارے منصوبے کے حوالے سے امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں -میڈیکل آلات و مشینری کے لئے بین الاقوامی معیار کی کمپنی کا تقرر عمل میں لایا جائے -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی اعلیٰ معیار ، شفافیت ، اور برق رفتاری کا شاہکار ہوگا - پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کے مختلف امور پر ہونیوالی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا- صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر ، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز ،کمشنر لاہورڈویژن اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی -