لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے منصوبے کے تحت پنجاب کی تمام تحصیلوں میں سروس سینٹرز مکمل ہوچکے ہیں ‘شہبازشریف

اربوں روپے کے اس بے مثال منصوبے سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا،عوام کو فرد ملکیت کے فوری حصول اورانتقال اراضی میں سہولت میسر آئی ہے پنجاب لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کی مددسے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 4 اگست 2015 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے منصوبے کے تحت پنجاب کی تمام تحصیلوں میں کمپیوٹرائزڈ اراضی کے سروس سینٹرز مکمل ہوچکے ہیں ،پنجاب حکومت نے عوامی خدمت کا انقلابی منصوبہ مکمل کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے ،لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے منصوبے سے صوبے میں پٹوار کلچر سے لوگوں کو نجات ملے گی، حکومت کے اس تاریخی اقدام سے اراضی کی غلط رجسٹریوں،کرپشن،دھوکہ دہی اور جعلسازی کا خاتمہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیااورلینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پرآئندہ عملدر آمد کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پنجاب حکومت کا عوام کو ریلیف کی فراہمی کا تاریخ ساز اقدام ہے ۔

عوام کو بے جا مقدمہ بازی سے نجات ملے گی۔وزیراعلیٰ نے مستقبل میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر عملدر آمد کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے اس بے مثال منصوبے سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گااورمنصوبے سے عوام کو فرد ملکیت کے فوری حصول اورانتقال اراضی میں سہولت میسر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے عوام کو ایک ہی چھت تلے اراضی کی دستاویزات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کی مددسے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے ۔سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر لائزڈ ڈیٹا سنٹرکا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تین اضلاع سے جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ کا بھی آغاز کیا جارہا ہے اوراس جدید سسٹم کے تحت لوگوں کو اپنی اراضی کے بارے میں آن لائن معلومات حاصل ہوں گی۔

مرحلہ وار پروگرام کے تحت اس کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سروس سینٹرز کے عملے کی تربیت اوران کیلئے ریفریشر کورسز بھی انتہائی ضروری ہیں اوراس پر بھر پور توجہ دی جائے ۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، اراکین صوبائی اسمبلی قمرالاسلام راجہ، میاں طارق محمود، پیر محمد اشرف رسول، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :